ہالی وڈ اداکار سلویسٹر اسٹیلون کے خلاف ان کی اہلیہ کی علیحدگی کی درخواست خارج

فلوریڈا ،اکتوبر۔فلوریڈا کی عدالت نے سلویسٹر اسٹیلون کے خلاف ان کی اہلیہ کی جانب سے دائر کی گئی علیحدگی کی درخواست خارج کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دو ہفتے قبل جوڑے کے مابین صلح ہونے کے بعد دونوں کی ایک ساتھ تصاویر دیکھنے کے بعد جج نے سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ جینیفر فلاون کی علیحدگی کی درخواست خارج کر دی ہے۔سلویسٹر اسٹیلون کی وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ سلویسٹر اسٹیلون اور ان کی اہلیہ کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات دور ہوگئے ہیں اور دو ہفتے قبل جوڑے نے صلح کر لی ہے جس حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، عدالت نے جینیفر فلاون کی جانب سے علیحدگی کیلئے دائر کی گئی درخواست خارج کر دی ہے۔واضح رہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں جینیفر فلاون نے شادی کے 25 سال بعد اپنے شوہر سلویسٹر اسٹیلون سے علیحدگی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔10 اگست کو فلاون نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس پر لکھا کہ شاید اسٹیلون کے ساتھ معاملات ختم ہونے جا رہے ہیں۔انہوں نے اپنی بیٹیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ لڑکیاں میری ترجیح ہیں، اس کے علاوہ کوئی چیز اہمیت نہیں رکھتی، ہم چار ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔جینیفر فلاون کی جانب سے علیحدگی کیلئے فلوریڈا میں پام بیچ کاؤنٹی کی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا جہاں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے شوہر اسٹیلون ازدواجی اثاثے ( Assets Marital) چھپا رہے ہیں۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے درمیان شادی کا تعلق اب ٹوٹ چکا ہے اور بات ناقابل واپسی حد تک پہنچ چکی ہے۔یاد رہے کہ سلویسٹر اسٹیلون نے اپنے بازو پر بنے ہوئے اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کے اوپر اپنے کتے کا ٹیٹو بنوایا تھا جس پر شادی کے 25 سال بعد ان کی اہلیہ جینیفر فلاون نے علیحدگی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔سلویسٹر اسٹیلون نے اپنے ترجمان کے ذریعے بیان جاری کروایا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کو اپڈیٹ کروانا چاہ رہے تھے لیکن اس میں خرابی ہو گئی تھی، جسے دور کرنا ممکن نہیں رہا تھا، جس کی وجہ سے مجبوراً انہیں اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کو اپنے کتے کے ٹیٹو سے چھپانا پڑ گیا۔اب سلویسٹر اسٹیلون اور ان کی اہلیہ کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات دور ہوگئے ہیں اور جوڑے نے صلح کر لی ہے جس کے بعد عدالت نے جینیفر فلاون کی جانب سے علیحدگی کیلئے دائر کی گئی درخواست خارج کر دی ہے۔

Related Articles