گجرات میں مسلسل موسلا دھار بارش کے بعد صفائی کے لیے 17.10 کروڑ روپے کا بندوبست

گاندھی نگر، جولائی۔گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے ریاست میں شدید بارشوں کی وجہ سے ہونے والے سیلاب کے پانی کے اخراج سمیت عوامی صفائی کے کاموں کے لیے بلدیاتی اداروں کو مالی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مسٹر بھوپیندر پٹیل نے اس کے لیے ریاست کی 156 میونسپلٹیوں کو کل 17.10 کروڑ روپے الاٹ کرنے کی اصولی اجازت دے دی ہے اور اس سلسلے میں شہری ترقیات اور شہری تعمیراتی محکمہ کو ہدایات دی ہیں۔شہروں میں کیڑے مار ادویات کے چھڑکاؤ، متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ٹھوس فضلہ کو ٹھکانے لگانے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بارش کے پانی کے انتظامات کے لیے مالی امداد کی ضرورت کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے 17.10 کروڑ روپے مختص کرنے کی اصولی اجازت دے دی ہے۔ ریاست کی تمام 156 میونسپلٹی اس گرانٹ کا استعمال فوری طور پر بنیادی سطح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کریں گی۔وزیر اعلیٰ کے طے کردہ معیار کے مطابق ‘اے’ زمرہ کی 22 میونسپلٹیوں کو 20 لاکھ روپے فی بلدیہ کے حساب سے کل 4.40 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ ‘بی’ زمرہ کی 30 میونسپلٹیوں کو 15 لاکھ روپے کی شرح سے کل 4.50 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ ‘سی’ کیٹیگری کی 60 میونسپلٹیوں کو 10 لاکھ روپے فی میونسپلٹی کے حساب سے کل 6 کروڑ روپے الاٹ کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی، ‘ڈی’ زمرہ کی 44 میونسپلٹیوں کو 5 لاکھ روپے کے حساب سے کل 2.20 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

 

Related Articles