کیا گووندا گلوکاری میں فیل ہوگئے؟

ممبئی،جنوری۔کیا بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار گووندا اداکاری کے بعد گلوکاری کے میدان میں فیل ہوگئے؟میڈیا رپورٹ کے مطابق گووندا نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک گانا جاری کیا تھا، جس پر انہیں خوب تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گووندا تنقید جملوں سے اتنے تنگ آگئے ہیں کہ انہوں نے یوٹیوب پر تبصرے کا آپشن تک بند کردیا ہے۔اس موقع پر جب گووندا کو ہر طرف سے تنقید کا سامنا ہے معروف کامیڈین اور اداکار کے بھانجے کرشنا ابھیشیک نے اْن کے حق میں بیان جاری کیا ہے۔میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کرشنا ابھیشیک نے اپنے ماما سے متعلق کہا کہ دنیا چاہیے کچھ بھی کہے ’ میرے لیے وہ ہمیشہ ہیرو نمبر 1 رہیں گے‘۔ہوا کچھ یوں کہ گووندا نے جمعرات کو لوہری فیسٹول کے موقع پر اپنا لوہری گانا ’میرے نال‘ جاری کیا اور لکھا کہ ہیلو دوستوں میں نے اپنا نیا گانا پیش کررہا ہوں، مجھے امید ہے کہ آپ اسے پسند اور لوہری لوگ اس پر ڈانس کریں گے۔بس پھر کیا تھا سوشل میڈیا پر جہاں یہ گانا کافی شیئر ہوا وہیں اس پر تنقید تبصرے بھی کیے جانے لگے، بعض صارفین نے گووندا کو 90 کی دہائی سے باہر نکل آنے کا مشورہ بھی دیا۔سوشل میڈیا صارف نے گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’براہ مہربانی 90 کی دہائی سے باہر آجائیں، ہم 2022ء میں رہ رہے ہیں‘۔ایک صارف نے کہا کہ ’بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں، آپ میں اداکاری کی زبردست صلاحتیں ہیں لیکن آپ نے بصیرت کھودی‘۔گانے پر صارفین کا تنقیدی ردعمل سامنے آنے پر گووندا نے اپنے یوٹیوب چینل کا تبصروں کا آپشن ہی بند کردیا ہے۔گووندا نے بالی ووڈ میں بطور اداکار واپسی کی کئی کوششیں کیں لیکن انہیں پہلے جیسی پذیرائی نہیں ملی، اس کے بعد انہوں نے گلوکاری کی طرف لوٹنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر گانے شیئر کرنا شروع کیے، گزشتہ برس نومبر میں گانا ’آنگن تیرا ترسا تو ٹپ ٹپ پانی برسا‘ جاری کیا اور اس کے بعد’ چشمہ چڑھا‘ اور’ ہیلو‘ جاری کیے۔بھارتی اداکار نے 1986 میں فلم الزام سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور اپنا پہلا البم 1998ء میں ریلیز کیا تھا۔گووندا جو راجا بابو، قلی نمبر 1، ہیرو نمبر 1، دلہے راجا، بڑے میاں چھوٹے میاں، حسینہ مان جائے گی اور ساجن چلے سسرال جیسی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں، نے اپنا دوسرا البم گوری تیرے نینا 2013ء ریلیز کیا اور اس کے بعد انہوں نے کئی گیت لکھے بھی ہیں۔

 

Related Articles