کوچ آرتھر ڈربی شائر میں شامل ہوں گے

کولمبو، نومبر ۔ سری لنکا کے کوچ مکی آرتھر 21 نومبر سے 3 دسمبر تک ویسٹ انڈیز کے خلاف گھر میں سری لنکا کی آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد کرکٹ سربراہ کے طور پر ڈربی شائر سی سی سی میں شامل ہوں گے۔ سری لنکا کرکٹ کے ساتھ ان کا معاہدہ ویسے بھی ویسٹ انڈیز سیریز کے اختتام پر ختم ہونے والا تھا جبکہ آرتھر نے بار بار عہدے میں توسیع کی شدید خواہش کا اظہار کیا تھا، لیکن سری لنکا کرکٹ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ تنخواہ پر کوئی اختلاف نہیں تھا اگر سری لنکا کرکٹ انہیں پہلے جیسا ہی پیکیج پیش کرتا تو آرتھر رہ سکتے تھے۔ آرتھر کی رخصتی سری لنکا کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، جب کہ مردوں کی قومی ٹیم کے دیگر کوچز کو اپنے رول کے لیے دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت ہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ چمنڈا واس اور فیلڈنگ کوچ شین میک ڈرموٹ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ غیر یقینی مستقبل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ سری لنکا کرکٹ نے دس سال کے عرصے میں اب تک سات ہیڈ کوچز کی تقرری کی ہے، جن میں جیوف مارش، گراہم فورڈ (دو الگ الگ میعاد کار )، پال فاربریس، ماروان اٹاپٹو، چنڈیکا ہتھورو سنگھا اور اب آرتھر نے2012 سےاہم کردار ادا کیا ہے۔ آرتھر نے کم از کم اپنا معاہدہ تو مکمل کیا، مارش ، فاربریس، فورڈ (اپنی دوسری مدت کار میں ) اٹاپٹو اور ہاتھوروسنگھا تو اپنی مدت کار مکمل نہیں کرسکے۔ آرتھر معروف کوچ رہ چکے ہیں، سری لنکا کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور پاکستان کی قومی مردوں کی ٹیموں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں، ڈربی شائر میں وہ ڈیو ہوٹن کی جگہ لیں گے، زمبابوے کے سابق کپتان ہیوٹن نے رواں سال کے شروع میں کلب چھوڑ دیا تھا۔ اب وہ زمبابوے کرکٹ کے ساتھ کوچنگ منیجر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ آرتھر نے کاؤنٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا: یہ ڈربی شائر میں بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ایک دلچسپ پروجیکٹ کا آغاز ہے اور میں اس کا حصہ بننے اور کلب میں اپنے وژن کو لانے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ میں اس کا منتظر ہوں۔ ڈربی شائر کی ٹیم اچھی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہم مثبت انداز میں کرکٹ کھیلیں، ہم کسی بھی ٹیم سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور میں یہ دیکھنے کا منتظر ہوں کہ ہم اپنے حامیوں کے لیے کیا حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈربی شائر کے چیئرمین ایون مورگن نے نئی تقرری کے بارے میں کہا: مکی عالمی کرکٹ کے سب سے معزز کوچز میں سے ایک ہیں اور یہ کلب کے لیے موسم سرما سے قبل ایک اہم تقرری ہے۔

Related Articles