کولگام تصادم کے دوران ملی ٹینٹوں نے عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا : پولیس چیف دلباغ سنگھ
سری نگر، جنوری۔ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کولگام تصادم کے دوران ملی ٹینٹوں نے عام شہریوں کو ہیومن شیلڈ کے طور پر استعمال کیا جس وجہ سے دو عام شہری زخمی ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران ہی جموں وکشمیر پولیس نے زخمی ہوئے دو عام شہریوں کو ہسپتال پہنچایا جن کی حالت اب مستحکم ہے۔ڈی جی پی کے مطابق عام شہری سیکورٹی ایجنسیوں کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں جس وجہ سے ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار پولیس چیف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بدھ کی شام کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں وکشمیر پولیس اور فوج نے پاریون کولگام علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع اُن کے مطابق آپریشن کے دوران ہم نے ایک بہادر جوان روہت کو کھویا ہے۔انہوں نے بتایا کہ روہت سال 2011 میں جموں وکشمیر پولیس کی سپیشل ونگ میں بھرتی ہوا اور اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کے بعد اُس کوقبل ازوقت ہی پرموٹ بھی کیا گیا ۔دلباغ سنگھ نے بتایا کہ پاریون کولگام تصادم کے دوران روہت نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر آگے بڑھتا گیا جس دوران اُس کو گولی لگی لیکن اس کے باوجود بھی روہت نے رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹ کو ڈھیر کیا۔انہوں نے بتایا کہ پاریون کولگام میں ملی ٹینٹوں نے عام شہریوں کو بطور ڈھال استعمال کرکے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس وجہ سے دو عام شہری زخمی ہوئے۔اُن کے مطابق جموں وکشمیر پولیس کے اہلکاروں نے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر فائرنگ کے دوران ہی زخمی ہوئے دو عام شہریو ں کو ہسپتال پہنچایا۔پولیس چیف نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کے ساتھ ساتھ اُن ماڈیول کا بھی صفایا ہورہا ہے جو سرگرم ملی ٹیٹوں کا بلواسط یا بلاواسط طور پر ساتھ دے رہے ہیں۔موصوف نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کے خلاف سال 2022میں بھی آپریشن جاری رہیں اور اب کی بار ہم اُن کے اڈوں کو بھی مسمار کرکے ہی دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کے دوران عام شہری سیکورٹی ایجنسیوں کواپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اُس پار کشمیر میں بیٹھے ملی ٹینٹوں کی حرکات و سکنات پر بھی بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار نظر گزر رکھ رہے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔پولیس چیف نے بتایا کہ سرحدوں پر سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دراندازی کے واقعات پر بہت حد تک قابو پایا گیا ہے۔یوم جمہوریہ کی تقریبات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔