کل پیش کیا جانے والا بجٹ بھروسہ کا ہوگا – بھوپیش

رائے پور، مارچ۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے ریاست کے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کی حکومت کل جو بجٹ پیش کرے گی وہ ان کی امیدوں اور توقعات پر مبنی ہوگا۔مسٹر بگھیل نے بجٹ کے موقع پر علاقائی نیوز چینلوں اور ایف ایم ریڈیو پر نشر کیے گئے ایک پیغام میں ریاست کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ یہ ’اعتماد‘ کا بجٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس اعتماد کا بجٹ ہے جس نے چھتیس گڑھ کو ’نوا چھتیس گڑھ‘ بننے کی طاقت دی ہے، یہ وہی اعتماد ہے جس کا اظہار آپ نے ہمارے منشور پر، ہمارے کام کرنے کے انداز پر اور ہماری حکومت کی عوامی فلاحی سوچ پر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بنتے ہی ہم نے مہاتما گاندھی کی گرام سوراج کی قرارداد اور انصاف کی پالیسی کو شکل دینا شروع کر دی تھی۔ اس دوران گزشتہ برسوں میں درپیش چیلنجز سے ہر کوئی واقف ہے۔ چاہے وہ کورونا جیسی عالمی آفت کا چیلنج ہو یا دیگر چیلنجز جنہیں آپ سب سمجھتے ہیں۔ لیکن یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہم ان تمام چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے باہر نکلے ہیں اور اس وقت ہم معاشی طور پر منظم ریاستوں میں سے ایک ہیں۔مسٹر بگھیل نے کہا کہ یہ آپ کے ’اعتماد‘ کا نتیجہ ہے کہ ملک میں کساد بازاری کے بعد بھی چھتیس گڑھ کے بازار وں میں رونق ہے۔ چھتیس گڑھ میں بے روزگاری کی شرح سب سے کم ہے۔ چھتیس گڑھ نے ملک بھر میں دھان کی خریداری میں بھی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ریاست کے دور دراز علاقوں کے قبائلیوں تک نئی اسکیمیں پہنچی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی حکومتیں صحت اور تعلیم کے چھتیس گڑھ ماڈل کو اپنا رہی ہیں۔

Related Articles