کارسیوکوں پر گولی چلوانے کا سہرا اکھلیش کیوں نہیں لیتے: بی جے پی

لکھنو ،دسمبر۔ اجودھیا میں متنازع ڈھانچہ کی برسی پر سماج وادی پارٹی ( ایس پی) صدر اکھلیش یادو پر طنز کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ یوگی حکومت کی ہر حصولیابی کو اپنی مدت کار سے منسوب کرنے والے اکھلیش جی اجودھیا میں کارسیوکوں پر گولی چلوانے کا سہرااپنے سر لینا چاہیں گے۔سنگھ نے پیر کو ٹوئٹ کیا کہ ہر بات کا سہرا لینے والے اکھلیش یادو کیا آپ اجودھیا میں کارسیوکوں پر گولی چلوانے کا سہرا نہیں لیں گے۔ انہوں نے ہیش ٹیگ میں ’کارسیوک امر رہے‘ لکھا۔غور طلب ہے کہ یوپی میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو حکومت کی مدت کار میں 30 اکتوبر 1990 کو لاکھوں کارسیوک اجودھیا میں جمع ہوئے تھے۔ ان کا مقصد متنازع ڈھانچے کو منہدم کرنا تھا۔ بے قابو کارسیوکوں کی بھیڑ کو قابو کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کی تھی جس میں کئی کارسیوک کو نقصان پہنچا تھا۔ حالانکہ 6 دسمبر 1992 کو وزیر اعلیٰ کلیان سنگھ کی حکومت میں کارسیوکوں نے متنازع ڈھانچہ منہدم کردیا تھا۔ کارسیوکوں کے اس گناہ عظیم کی ذمہ داری اپنے ذمے لیتے ہوئے کلیان سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Related Articles