ڈیوڈ ویسا کو قلندرز کی ٹیم میں کیا کہہ کر پکارا جاتا ہے؟ کرکٹر کا دلچسپ انکشاف

کراچی،مارچ۔لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ رہنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے مجھے موقع دیا گیا اور سپورٹ کیا گیا ہے تاکہ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکوں، میں لاہور قلندرز کے ساتھ وقت گزار کر لطف اندوز ہوتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مجھے جتنا سراہا جاتا ہے اس سے لگتا ہے کہ میں لاہور کا گود لیا بیٹا ہوں، یہاں کی فین سپورٹ شاندار ہے، کہیں اور ایسا نہیں ہے، یہ میرے لیے خاص چیز ہے، مجھے مرشد کہہ کر پکارا جاتاہے اور یہ سب میری لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ڈیوڈ ویسا نے کہا کہ شاہین آفریدی شاندار کپتان ہیں، شروع میں لوگوں نے کہا وہ نوجوان ہیں مشکل ہوگی مگر شاہین کو کھیل کی بڑی سمجھ بوجھ ہے، بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت ہے، وہ پْرسکون رہتے ہیں اور کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ شاہین میں لمبے عرصے تک کپتان رہنے کی صلاحیت ہے۔ڈیوڈ ویسا کا ماننا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں مقامی ٹیلنٹ بے حد ہے، بیٹرز ہوں یا بولرز، نوجوان کھلاڑی سامنے آتے رہتے ہیں، ایسے بولرز بھی ہیں جو 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں، ہماری ٹیم بڑی متوازن ہے، مومینٹم برقرار رکھتے ہیں تو ہم پھر ٹرافی اٹھا سکتے ہیں ،لاہور قلندرز کا پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام بھی نوجوانوں کو سامنے لارہا ہے، مقامی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کو مضبوط لیگ بنایا ہے۔ڈیوڈ ویسا لاہور قلندرز کے ٹرافی کا دفاع کرنے کیلئے پر امید ہیں اور کہتے ہیں کہ ابھی لیگ میں لمبا سفر ہے لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہے، جوں جوں لیگ آگے بڑھے گی اور پلے آف کا مرحلہ آئے گا سب کو مزید اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

Related Articles