ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے رہانے کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی

ممبئی، اپریل۔ ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے 7 جون سے آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے منگل کو اعلان کردہ 15 رکنی ٹیم میں اجنکیا رہانے کو شامل کیا ہے۔رہانے نے ہندوستان کے لیے آخری ٹیسٹ 11 جون 2022 کو جنوبی افریقہ میں کھیلا تھا، حالانکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن میں شاندار فارم میں ہیں۔ رہانے نے آئی پی ایل 2023 میں اب تک پانچ میچوں میں 199.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے 209 رنز بنائے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے منتخب کرنے پر غور کیا گیا۔خیال رہے کہ رہانے کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے شریس ائیر کو ان کی جگہ دی تھی لیکن ائیر کمر کی سرجری کی وجہ سے تقریباً چھ ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔ ہندوستان کی سرزمین پر اکتوبر-نومبر میں منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 سے پہلے ایّر کے لیے واپسی کرنا مشکل ہے۔ایر کی طرح ٹاپ تیزگیندباز جسپریت بمراہ کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ بمراہ کی حال ہی میں نیوزی لینڈ میں کمر کی سرجری ہوئی ہے اور وہ فی الحال بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیب سے گزر رہے ہیں۔بمراہ کی غیر موجودگی میں محمد شامی ہندوستانی تیزگیندبازی کی قیادت کریں گے۔ محمد سراج، امیش یادو اور جے دیو انادکٹ کو بھی فاسٹ بولر کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ شاردل ٹھاکر ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے ہندوستان کے تیز گیند باز آل راؤنڈر ہیں، جب کہ روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل اسپن آل راؤنڈر ہیں۔ہونہار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی چوٹ ہندوستان کے لیے ایک اور بڑی پریشانی ہے۔ پنت، جن کا ہندوستان کے لیے اس ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں بہترین اوسط ہے، دسمبر 2022 میں ایک سڑک حادثے کے بعد پوری طرح فٹ نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے وہ ڈبلیو ٹی سی فائنل سے باہر ہو گئے۔سلیکٹرز نے کے ایس بھرت کو اسکواڈ میں وکٹ کیپر کے طور پر نامزد کیا ہے، تاہم، ان کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے خطابی مقابلے میں کے ایل راہل کو وکٹ کیپر کا کردار ادا کرتے نظرآسکتے ہیں ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈبلیو ٹی سی کا فائنل 7 سے 11 جون تک لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان دوسری بار ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیل رہا ہے، جبکہ 2021 میں اسے ٹائٹل میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، چیتشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، کے ایل راہل، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندرا جدیجا، اکشر پٹیل، شاردل ٹھاکر، محمد شامی، محمد سراج، امیش یادو، جے دیو انادکت۔

Related Articles