چینی فوجیوں کو پسپا کیا گیا: راجناتھ سنگھ

نئی دہلی، دسمبر ۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں کہا کہ اروناچل پردیش کے توانگ علاقے میں ہندوستانی فوجیوں نے ہمت اور بہادری کے ساتھ چینی فوجیوں کی دراندازی کو روکا اور انہیں واپس اپنی چوکی تک پہنچا دیا۔اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کے زبردست ہنگامہ آرائی کے بعد لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں چینی دراندازی کے معاملے پر یکساں بیان دیتے ہوئے مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا، 9 دسمبر کو پیپلز لبریشن آرمی (PLA) نے لائن آف ایکچول کنٹرول کو عبور کیا۔ اور توانگ سیکٹر میں موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ ہماری فوج نے سختی کے ساتھ چینی فوج کی اس کوشش کا مقابلہ کیا۔ اس دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ ہندوستانی فوج نے بہادری سے پی ایل اے کو ہماری سرزمین پر قبضہ کرنے سے روکا اور انہیں اپنی چوکیوں پر واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ اس جھڑپ میں دونوں طرف کے چند فوجی جوان زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ میں اس ایوان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارا کوئی فوجی جاں بجق نہیں ہوا اور کوئی شدید زخمی نہیں ہوا۔وزیر دفاع نے کہا، ہندوستانی فوجی کمانڈر کی بروقت مداخلت کی وجہ سے، پی ایل اے کے دستے واپس اپنے مقامات پر چلے گئے۔ اس واقعے کے بعد علاقے کے مقامی کمانڈر نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ 11 دسمبر کو فلیگ میٹنگ کی اور واقعے پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی فریق سے کہا گیا کہ وہ ایسی کارروائی نہ کرے اور سرحد پر امن برقرار رکھنے کو یقینی بنائے۔ اس معاملے کو سفارتی سطح پر بھی چینی فریق کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس ایوان کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہماری افواج ہماری علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور اس کے خلاف کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ایوان متفقہ طور پر ہماری مسلح افواج کی بہادری اور حوصلے کی حمایت کرے گا۔

Related Articles