پیچھے مڑ کر دیکھنے کا وقت نہیں: رومین پاول

ممبئی، اپریل جے ایس ڈبلیو-جی ایم آر کی شریک ملکیت والی دہلی کیپٹلس فرنچائزی ٹاٹا آئی پی ایل 2022 کا اپنا اگلا میچ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف کھیلے گی۔ ایسے میں پاور ہٹر رومین پاول نے جمعہ کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ کے دوران سامنے آئی نو بال ساگا پر غور کرنے کے لئے کچھ وقت نکالا۔ سنسنی خیز اور ڈرامائی آخری اوور کی پہلی تین گیندوں پر تین چھکے لگانے والے رومین پاول نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کی ٹیم پیچھے کی چیزوں کو بھول کر آگے دیکھے اور پھر ٹیم کے پاس ماضی میں کھونے کا وقت بھی نہیں ہے۔ کیریبیئن کھلاڑی نے کہا کہ یہ وہ چیز ہے جسے ہمیں بہت تیزی سے بھولنا پڑے گا۔ ہمارے پاس بہت سے میچ ہیں ۔ ہمیں ہمیشہ آگے کی طرف دیکھنا ہوگا کیونکہ کچھ اہم میچ سامنے ہیں ۔ہمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صرف اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچ کہوں تو میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے کے بارے میں کافی پراعتماد تھا، پہلے دو چھکے لگانے کے بعد میں سوچ رہا تھا کہ اب کیا ہوگا، اسی وقت میں نے تیسرا چھکا لگا دیا۔ میں امید کررہا تھا کہ یہ نو بال ہوگی لیکن امپائر کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے اور ہم بطور کرکٹر اسے تسلیم کرتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں۔ اپنی موجودہ فارم کے بارے میں پاول نے کہا، اچھا لگ رہا ہے۔ میں پچھلے کچھ میچوں سے اس کی تلاش کر رہا تھا، اور پھر آخر میں کچھ گیندیں بلے کے بیچ میں آتی دیکھ کر اچھا لگا۔ مجھے اس کے لیے اعتماد حاصل کرنا ہے۔ اب میں اس فارم کو ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں۔دہلی کیپٹلس کے آنے والے میچوں کے بارے میں، 28 سالہ بلے باز نے کہا، آگے کچھ اہم میچ ہیں، ہم ٹیبل میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اس مرحلے کے لیے یہ کوئی بری جگہ نہیں ہے۔ اب ہمیں اوپر چڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہم اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پراعتماد ہیں، جو کہ ٹاپ 4 تک پہنچنا ہے۔ ایک بار جب ہم ٹاپ 4 کے لیے کوالیفائی کر لیتے ہیں، تو ہمارے پاس آئی پی ایل 2022 جیتنے کا موقع ہوگا۔ دہلی کیپٹلس جمعرات، 28 اپریل 2022 کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ٹاٹا آئی پی ایل 2022 کے اپنے اگلے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے مقابلہ کرے گی۔

Related Articles