پہلوان ہڑتال ختم کرکے تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار کریں: ٹھاکر
لکھنؤ، مئی۔کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے دہلی کے جنتر منتر پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن سنگھ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے پہلوانوں سے اپیل کی ہے کہ انہیں اس معاملے میں دہلی پولیس کی غیرجانبدارانہ جانچ کا انتظار کرنا چاہیے۔اندرا گاندھی پرتشٹھان میں کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز 2022 کے لوگو، جرسی، ترانے اور مشعل کی رونمائی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ حکومت نے احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے تمام جائز مطالبات کو پورا کیا ہے۔ کھلاڑیوں کے مطالبے پر حکومت نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ دہلی پولیس ایف آئی آر درج کرکے اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کررہی ہے۔ سپریم کورٹ بھی اس معاملے میں اپنا فیصلہ دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک پہلوانوں کے تمام مطالبات پورے کئے ہیں۔ وہ کھلاڑیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ دھرنا ختم کر کے دہلی پولیس کی تحقیقات کا انتظار کریں، جس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ تحقیقاتی رپورٹ پر دہلی پولیس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مناسب کارروائی کرے گی۔ٹھاکر نے کہا کہ مودی حکومت نے ہمیشہ کھیل اور کھلاڑیوں کو ترجیح دی ہے جس کے نتیجہ میں ہندوستان کھیلوں کے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے خواتین کی عالمی باکسر چیمپئن شپ میں چار گولڈ میڈل جیتے۔ بیڈمنٹن میں شاندار کارکردگی کی ہے۔ حکومت نے کھیلوں کا بجٹ 964 کروڑ روپے سے بڑھا کر 3340 کروڑ روپے کر دیا ہے۔