پکوان گیس سلنڈرکی قیمت میں اضافہ
تلنگانہ کے وزیر تارک راما راو کا طنزیہ ویڈیو
حیدرآباد,اکتوبر۔تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے گھریلو پکوان گیس سلنڈرس کی قیمتوں میں وقفہ وقفہ سے اضافہ اور اس پر مودی حکومت کے نامناسب موقف کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے آج اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر وزیراعظم مودی کا ایک مختصر سات سکنڈ کا ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔اس ویڈیو میں مودی پکوان گیس سلنڈر کی قیمت پر اضافہ پر عوام کو مشورہ دے رہے ہیں کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے اپنے گیس سلنڈر کو نمسکار کرتے ہوئے جائیں۔ساتھ ہی تارک راما راو نے اس ویڈیو کے ساتھ اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ بعض اوقات اچھا مشورہ غیر متوقع مقامات سے حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ مودی جی، ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کے ذمہ دار افراد کو سزا دی جائے۔تارک راما راو نے لکھا کہ حضورآباد ٹی آرایس کے ساتھ ہے۔حلقہ اسمبلی حضورآباد کا ضمنی انتخاب ہونے والاہے۔سمجھاجاتا ہے کہ وزیر موصوف نے اس ضمنی انتخاب کے پس منظر میں ہی یہ وزیراعظم کا پرانا ویڈیو جاری کیا ہے۔اس حلقہ سے سابق وزیر ای راجندر بی جے پی کے امیدوار ہیں۔