پولیس واچ ڈاگ کے سربراہ مائیکل لاک ووڈ نے استعفیٰ دیدیا

لندن ،دسمبر۔ پولیس واچ ڈاگ کے سربراہ مائیکل لاک ووڈ نے اپنے خلاف پولیس کی تفتیش شروع ہونے کے سبب استعفیٰ دیدیا۔ وزیرداخلہ سویلا بریورمین نے جمعہ کو بتایا تھا کہ مائیکل لاک ووڈ نے ذاتی وجوہ کی بنا پر استعفیٰ دیدیا ہے لیکن اتوار کو انھوں نے کہا کہ ان کے خلاف تاریخی الزامات پر تفتیش کا معلوم ہونے پر میں نے کارروائی کرتے ہوئے لاک ووڈ سے کہا تھا کہ وہ یاتو استعفیٰ دیدیں ورنہ انھیں معطل کردیاجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طورپر ہوگا۔ ان کے خلاف الزامات کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ ہوم آفس کا عملہ اب IOPC کے ساتھ مل کر ادارے کی عارضی سربراہی کا انتظام کر رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے یہ معلوم ہونے پر کہ لاک ووڈ کے خلاف پولیس تفتیش کررہی ہے، فوری کارروائی کی اور اپنے عملے سے کہا کہ لاک ووڈ سے کہیں کہ وہ استعفیٰ دیدیں ورنہ انھیں فوری طورپر معطل کردیا جائے گا۔ 2018 میں IOPC کو انڈیپنڈنٹ پولیس کمپلین کمیشن بنائے جانے کے بعد لاک ووڈ کو اس کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ ادارہ انگلینڈ اور ویلز پولیس کے خلاف سنگین شکایات پر کارروائی کرتا ہے۔ جمعہ کو ایک بیان میں لاک ووڈ نے ایک بیان میں کہا کہ میں انتہائی افسوس کے ساتھ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، مجھے فخر ہے کہ مجھے اس ادارے کے پہلے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع ملا۔ اس سے قبل وہ نارتھ ویسٹ لندن کی بارو ہیرو کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ ایک کوالیفائیڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور نیشنل آڈٹ آفس اور لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن میں لوکل گورنمنٹ فنانس اور پالیسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طورپر بھی کام کرچکے ہیں۔

Related Articles