پنجاب انتخابات سے پہلے ستیندر جین کو ای ڈی گرفتارکرنے والا ہے: کیجریوال

نئی دہلی، جنوری۔دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے دعوی کیا کہ پنجاب انتخابات سے پہلے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کابینی وزیر ستیندرجین کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) گرفتار کرنے والا ہے۔مسٹرکیجریوال نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکزی حکومت کی طرف سے پنجاب انتخابات سے پہلے اے ڈی کا غلط استعمال کئے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات آرہے ہیں۔ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہیں توظاہر ی طورپر مرکزی حکومت کی تمام تفتیشی ایجنسیاں سرگرم ہورہی ہیں۔ ہمیں اپنے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پنجاب انتخابات سے پہلے آئندہ دنوں میں ای ڈی دہلی حکومت میں کابینی وزیر اور عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر ستیندر جین کو گرفتار کرنے والا ہے۔ ای ڈی کا استقبال ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر جین پر مرکزی حکومت پہلے بھی دو بار ریڈ کروا چکی ہے۔ ان ریڈ میں ان کو کچھ نہیں ملا۔ پھر سے اگر وہ آنا چاہتے ہیں تو انکا بہت بہت استقبال ہے۔عام آدی پارٹی کے کنوینر نے کہاکہ چونکہ انتخابات ہیں اور جب جب بی جے پی الیکشن میں شکست کھارہی ہوتی ہے تو وہ تمام ایجنسیوں کو چھوڑ دیتی ہے۔ اس لئے ظاہر طورپر ریڈ بھی ہوگی اور گرفتاریاں بھی ہوں گی۔ان کا ہمیں کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ جب آپ سچائی کے راستے پر چلتے ہیں، تو یہ تمام رکاوٹیں آتی ہیں۔ بی جے پی کی مرکزی حکوت ای ڈی کے ساتھ ساتھ اگر سی بی آئی، انکم ٹیکس اور دہلی پولیس سمیت اور بھی انکے پاس جتنی ایجنسیاں ہیں، ان میں سے جو بھی ایجنسی بھیجنا چاہیں وہ بھیج سکتی ہیں، وہ گرفتار کرنا چاہیں تو صرف ستیندر جین ہی نہیں اور کسی کوبھی گرفتار کرسکتی ہیں۔دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہاکہ ہم لوگوں نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ ہم سب پر ریڈ ہوچکی ہے۔ مجھ پر ریڈ ہوچکی ہے، نائب وزیراعلی منیش سسودیا پر ریڈ ہوچکی ہے۔ ستیندر جین پر پہلے بھی ریڈ ہوچکی ہے۔ ہمارے 21اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور تمام معاملات میں عدالت سے رہا ہوگئے۔ مسٹر جین کے معاملہ میں کیا ہوگا؟ انہیں یہ گرفتار کریں گے اور پانچ دس دن میں ضمانت ہوجائے گی اور وہ باہر آجائیں گے۔ ہمیں نہ جیل جانے سے ڈر لگتا ہے اور نہ آپ کی ریڈ سے۔ ہم چنی کی طرح روئیں گے نہیں۔ ہم چنی کی طرف بوکھلائیں گے نہیں۔ وہ اس لئے بوکھلائے ہوئے ہیں کیونکہ انہیں غلط کام کئے ہیں۔ ان کی غلطیاں پکڑی گئی ہیں۔ ای ڈی کے افسر جب نوٹوں کی موٹی موٹی گڈیاں گن رہے تھے، تو لوگ دیکھ رہے تھے۔ پنجاب کے لوگ صدمہ میں تھے کہ انہوں نے 111دن کے اندر کیا کانڈ کردیا۔انہوں نے کہاکہ چونکہ ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے، تو ہمیں کسی طرح کا خوف نہیں ہے۔ پہلے بھی ہم پربہت ریڈ ہوچکی ہیں۔ ہم پر مزید ریڈ ہوجائیں اور گرفتاریاں ہوجائیں۔ ہمیں اس کا خوف نہیں ہے۔ مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہمارا کہنا ہے کہ آپ اپنی تمام ایجنسیاں بھیجئے، ہم سب لوگ تیار ہیں۔ صرف ستیندر جین ہی کیوں، آپ میرے پاس میرے گھر بھی بھیجئے۔ منیش سسودیا اور بھگونت مان کے یہاں بھی بھیجئے۔ جس کے یہاں مرضی ہووہاں پر بھیجئے اور جس کو گرفتار کرنا ہے آپ گرفتار کیجئے۔ جب ایجنسیاں آئیں گی تو ہم سب خوب مسکراٹ کے ساتھ ان کا استقبال کریں گے اور انکی خاطر داری کریں گے۔

Related Articles