پریاگ راج: مکان کا چھجہ گرنے سے چار کی موت،10زخمی

پریاگ راج:ستمبر۔اترپردیش کے ضلع پریاگ راج کے مٹھی گنج علاقے میں منگل کی دوپہر ایک خستہ حال مکان کا اگلا حصہ زمیں دوز ہونے سے اس کے ملبے میں دب کر 4افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 10افراد زخمی ہوگئے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر دکھ کر اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کو چار ۔ چار لاکھ روپئے مالی تعاون دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی نے اس حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کی روح کی تسکین کی دعا اورمغموم اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔پریاگ راج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس راکیش کمار سنگھ نے بتایا کہ مٹھی گنج تھانہ علاقے میں ہٹیا پولیس چوکی کے نزدیک واقع مکان کا اگلا حصہ زمیں دوز ہوگیا۔ اس کے ملبے کے نیچے دب کر چار افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس نے راحت رسانی کے کام کے دوران ملبے سے دو لاشیں پہلے ہی نکال لیں تھیں۔انہوں نے بتایا کہ 10زخمیوں کو مقامی سوروپ رانی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش سے بچنے کے لئے کچھ لوگ مکان کے چھجے کے نیچے کھڑے تھے۔ مکان کافی پرانا تھا۔ اسی وقت اس کا اگلا حصہ زمیں دوز ہوگیا۔پولیس نے مہلوکین کی شناخت سشیل کمار گپتا(40)، راجندر پٹیل(51) اور نیرج(32) کے طور پر کی ہے۔ ابھی چوتھے متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم راحت رسانی کے کام میں مصروف ہے۔

Related Articles