پرائمری اسکول میں زیرتعلیم 99 سالہ خاتون کا انتقال

نیروبی،نومبر۔دنیا کی معمر ترین پرائمری اسکول کی طالبہ سمجھی جانے والی 99 سالہ خاتون کا انتقال ہوگیا۔کینیا سے تعلق رکھنے والی پریسیلا Sitienei کی طبعیت 16 نومبر کو اسکول جانے کے بعد خراب ہوگئی تھی اور اب ان کے انتقال تصدیق خاندان نے کی۔99 سالہ خاتون آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے امتحانات کی تیاری کررہی تھیں۔پریسیلا Sitienei کی زندگی سے متاثر ہوکر ایک فلم بنی تھی اور یونیسکو کی جانب سے انہیں سراہا گیا تھا۔انہوں نے 2021 میں یونیسکو کو بتایا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ نوجوان مائیں اسکولوں میں واپس لوٹ جائیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں نہ صرف نوجوان ماؤں بلکہ اسکولوں سے باہر دنیا بھر کی لڑکیوں کے لیے مثال بننا چاہتی ہوں، میں انہیں کہنا چاہتی ہوں کہ تعلیم کے بغیر ان میں اور ایک مرغی میں کوئی فرق نہیں’۔وہ 65 سال سے زائد عرصے تک دایہ کے طور پر کام کرتی رہی اور 2010 میں ایک پرائمری اسکول میں داخل ہوئیں۔پہلے تو اسکول میں انہیں داخلہ نہیں دیا گیا مگر پھر ان کے تعلیم حاصل کرنے کے عزم کو محسوس کرکے انہیں یہ موقع دیا گیا۔ان کی زندگی پر فرانس میں ایک فلم Gogo بنی تھی۔2015 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ آخرکار وہ پڑھنا لکھنا سیکھ رہی ہیں جس کا موقع انہیں بچپن میں کبھی نہیں ملا۔وہ اکثر ایسے بچوں سے ملتی تھیں جو اسکول نہیں جاتے تھے اور ان سے کہتی تھیں کہ جب میں اس عمر میں اسکول جاسکتی ہوں تو انہیں بھی ایسا کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ عمر میں پرائمری اسکول جانے کا عالمی ریکارڈ کینیا کے ہیMaruge Kimani کے پاس ہے جو 2004 میں 84 سال کی عمر میں اسکول جانا شروع ہوئے۔

Related Articles