پجارا کو ان کے 100 ویں ٹیسٹ پر ہندوستانی ٹیم نے دی گئی مبارکباد
نئی دہلی، فروری ۔ہندوستان کے تجربہ کار ٹیسٹ بلے باز چیتشور پجارا کو 100 واں ٹیسٹ کھیلنے کی کامیابی پر ہندوستانی ٹیم کی جانب سے مبارکبا پیش کی گئی ہیں۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں، کپتان روہت شرما نے کہا ’’میں پجارا کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ ملک کے لیے 100 ٹیسٹ میچ کھیلنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ جو آپ نے کیا ہے، بہت سے لوگ وہ نہیں کر سکتے۔ میں جانتا ہوں کہ آپ نے اس کے لیے بہت کچھ دیا ہے۔ ہمیں آپ کی کامیابی پر فخر ہے۔ دوسرے کرکٹرز کی طرح آپ کو بھی اتار چڑھاؤ سے گزرنا پڑا لیکن آپ اس سے باہر نکل آئے، اس کے لیے آپ کو مبارک باد۔واضح رہے کہ یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جارہا دوسرا ٹیسٹ کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ میں پجارا کا 100 واں میچ ہے۔ پجارا سے پہلے صرٖف 12 ہندوستانی کرکٹرز نے 100 ٹیسٹ کھیلنے کا کارنامہ انجام دیا ہے جب کہ بین الاقوامی سطح پر 73 کھلاڑی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ہندوستان کے لیے 164 ٹیسٹ کھیلنے والے کوچ راہل ڈریوڈ نے کہا ’’پجارا، میں نے آپ کو پہلی بار اس رنجی میچ میں دیکھا جہاں آپ نے رن بنائے اور کرناٹک کو ہرایا۔ اب یہ (رن بنانا) آپ کی عادت بن گئی ہے۔ پچھلی دہائی میں آپ کو ابھرتے ہوئے دیکھنا میری خوشی قسمتی رہی ہے۔ اتنے لمبے عرصے تک کھیلنے کے لیے بہت ہمت اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ نے ٹیم کو ہمیشہ اوپر رکھا جس پر آپ فخر کر سکتے ہو۔ میں آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، امید ہے کہ آپ آگے کی لڑائی سے لطف اندوز ہوں گے۔سابق ہندوستانی کپتان اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے کہا ’’یہ ایک بہت ہی خاص کھلاڑی کے لیے بہت خاص دن ہے۔ پوجی، آپ کے 100ویں ٹیسٹ پر مبارکباد۔ آپ کا سفر استقامت سے بھرپور رہا ہے۔ آپ نے ہمیشہ مشکلات سے ابھر کر واپسی کی ہے۔ یہ وہی ہے جس کے لئے آپ مشہور ہیں۔ میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ اس لمحے سے لطف اندوز ہوں گے۔ یہ نہ صرف آپ کے لیے بلکہ آپ کے خاندان کے لیے بھی، ان لوگوں کے لیے بھی بڑا لمحہ ہے جنہوں نے ہمیشہ آپ کا ساتھ دیا ہے۔ ہندوستان کے لیے 100 ٹیسٹ کھیلنا ایک بڑی کامیابی ہے اور امید ہے کہ آپ اس سے لطف اندوز ہوں گے۔اس کارنامے کو حاصل کرنے پر خود پجارا نے کہا کہ یہ میرے لیے بہت بڑا لمحہ ہے لیکن میں جذبات سے اوپر اٹھ کر میچ میں پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، میں جانتا ہوں کہ ٹیم کو مجھ سے کیا چاہیے۔کے ایل راہل نے کہا ’’پوجی کو ان کے 100 ویں ٹیسٹ پر بہت بہت مبارکباد۔ جب سے وہ ٹیم میں آئے ہیں میں ان کے ساتھ کھیلتا رہا ہوں، اور انہوں نے ایک سینئر کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی ہے۔ میں اس سیریز کے لیے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہوں گا۔ مجھے امید ہے کہ وہ آنے والے وقت میں ہندوستان کے لئے کئی میچ کھیلیں گے اور اس سیریز میں ہندوستان کے لئے اہم رول ادا کریں گے۔‘‘تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے کہا ’’ہندوستانی ٹیم کے ’وائٹ واکر‘ کے لیے نیک خواہشات۔ وہ مسلسل پچ پر دفاع کر تے آئے ہیں۔ یہ ایک حیرت انگیز حصولیابی ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ آنے والے وقت میں بہت سے نوجوان کھلاڑی ایسا کر پائیں گے۔ مجھے آپ کی وہ اننگز یاد ہے جب آپ نے وانڈررز (جنوبی افریقہ) میں اپنا پہلا رن بنانے کے لیے 50 سے زیادہ گیندیں لی تھیں اور آگے چل کر اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی۔ لیکن آپ ناقابل تسخیر دفاع سے گیند بازوں کو تھکا کر آنے والے بلے بازوں کے لیے کام کو ضرور آسان بنا دیتے ہو ۔ہندوستانی ٹیم میں ڈراوڑ کے جانشین سمجھے جانے والے پجارا نے 99 ٹیسٹ میں 44.1 کی اوسط سے 7021 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں 16 سنچریاں اور تین ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں جب کہ ان کے کیریئر کا بہترین اسکور 206 ناٹ آؤٹ ہے۔