پاکستان کے خلاف جیت نے اعتماد بڑھایا: اروین

میلبورن، نومبر۔زمبابوے کے کپتان کریگ اروین نے ہندوستان کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ سے قبل ہفتہ کو کہا کہ پاکستان پر جیت حاصل کرنے کے بعد ان کی ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے اور وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ اروین نے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا، “پاکستان کے خلاف جیت نے ہمیں اعتماد دیا ہے۔ ہم ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ اگلے میچ میں ہمارا اعتماد متزلزل ہو جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا، “میرے خیال میں ورلڈ کپ دلچسپ رہا ہے کیونکہ اس بار کئی قریبی مقابلے ہوئے ہیں۔ میں نے ایک چیز سیکھی ہے کہ آپ کبھی بھی میچ سے باہر نہیں ہوتے۔ اگر آپ کھیل میں رہنے اور اسے انجام تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں تو نتیجہ کچھ بھی نکل سکتا ہے۔ ظاہر ہے کہ مختلف میچوں میں مختلف قسم کا دباؤ ہوتا ہے، اس لیے یہ آپ کے لیے فائدہ مند ہے کہ آپ میچ کو اختتام تک لے جائیں اور دوسری ٹیم کے سامنے نہیں گھبرانا آپ کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے۔” زمبابوے کی اب تک کی کامیاب مہم کی دھار ان کے تیز گیند باز رہے ہیں۔ بلیسنگ مجربانی 11 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ مجربانی کو رچرڈ ناگروا کا بھی ساتھ ملا ہے، جنہوں نے سات میچوں میں آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اروین نے کہا کہ ہندستان کے خلاف میچ گیند بازوں کے لیے ٹورنامنٹ کی بہترین بیٹنگ یونٹوں میں سے ایک کے خلاف خود کو آزمانے کا بڑا موقع ہے۔ اروین نے کہا، "یہ دنیا کے چند بہترین بلے بازوں کے خلاف گیند بازی کرنے کا بہترین موقع ہے۔ آپ کو کتنی بار وراٹ کوہلی کی وکٹ لینے کا موقع ملتا ہے؟ مجھے یقین ہے کہ ہمارے تیز گیند باز کل اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ اروین نے سکندر رضا کی بھی تعریف کی جنہوں نے ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں 149.19 کے اسٹرائیک ریٹ سے 185 رن بنائے اور نو وکٹیں لیں۔ اروین نے کہا کہ ہندستان جیسی حریف ٹیم کو ہرانے کے لیے رضا جیسی کارکردگی کی کئی کھلاڑیوں سے ضرورت ہوگی۔ اروین نے کہا، "اس ٹورنامنٹ میں سکندر رضا ہمارے لیے غیر معمولی رہے ہیں۔ ہمیں ہندوستان کے خلاف فتح کی دہلیز کو عبور کرنے کے لیے بہت سے کھلاڑیوں سے اس طرح کی کارکردگی کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ میں جس کارکردگی کے ساتھ آئے ہیں اسے جاری رکھنا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں آگے بڑھنے کے لیے فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ پاور پلے بیٹنگ پر بھی کام کرنا ہوگا۔

Related Articles