ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: کپتان بابر نے پریس کانفرنس میں پاک بھارت میچ پر کیا کہا؟

میلبرن،اکتوبر۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کو ہم بھی انجوائے کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ اس میچ میں اپنا 100 فیصد دیں۔میلبرن میں ورلڈکپ سے قبل کپتانوں کی پریس کانفرنس کے دوران گفتگو میں بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کافی اہم رہی، یہ پاکستان کیلئے اچھی سیریز رہی، سیریز نے ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل کافی مدد دی، کوشش کریں گے کہ اسی مومینٹم کو لے کر ورلڈکپ میں جائیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح آخری دو میچز میں مڈل آرڈر نے اچھا پرفارم کیا ہے، امید ہے ورلڈکپ میں بھی مڈل آرڈر اچھا پرفارم کرے گی، ورلڈکپ سے قبل بطور ٹیم اگر ایسے اچھا پرفارم کریں تو اعتماد ملتا ہے، جس طرح شاداب اور نواز کھیلے ہیں اور اپنا کردار ادا کیا ہے وہ ٹیم کیلئے ایک اچھی نشانی ہے۔ایک سوال پر بابر اعظم کاکہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ٹاپ فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں، ہماری موجودہ فاسٹ بولنگ یونٹ کافی مضبوط ہے جو شاہین شاہ آفریدی کے آنے سے اور بھی زیادہ مضبوط ہوگئی ہے، ہماری بینچ اسٹرینتھ نے بھی اچھی بولنگ کی اور اچھا پرفارم کیا، حارث رؤف جس طرح ڈیتھ میں بولنگ کررہا ہے وہ کافی اچھا ہے، یہ ہمارے بولرز کے پاس موقع ہے کہ ہم سب کو بتائیں کہ ہمارے پاس کیا کیا صلاحیتیں ہیں۔اتوار کو ہونے والے پاک بھارت میچ کے بارے میں بابراعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ ہمیشہ ہائی اینٹنسٹی گیم ہوتا ہے، فینز اس میچ کو انجوائے کرتے ہیں، ہم بھی انجوائے کرتے ہیں، کوشش کریں گے کہ اس میچ میں اپنا 100 فیصد دیں۔

Related Articles