ٹیسکو ڈپوکے 6200 ملازمین کرسمس کے دوران ہڑتال کیلئے تیار

لندن ،دسمبر۔ ٹیسکو ڈپوکے 6,200 ملازمین نے کرسمس کے دوران ہڑتال کیلئے تیاری کرلی ہے، اگر انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکا تو ٹیسکو کے برطانیہ میں موجود 22 ڈسٹری بیوشن سینٹر ز کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوگی۔ملازمین کی یونین Usdaw کا کہنا ہے کہ اس کے 5,000 ارکان نے تنخواہوں میں 4 فیصد کی شرح سے اضافے کی پیشکش مسترد کردی ہے اور وہ یونائیٹ یونین کے ساتھ مل کر سپر مارکیٹ کے 13 ڈسٹری بیوشن سینٹرز پر ہڑتال کریں گے۔ ٹیسکو کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کی پیشکش قطعی منصفانہ ہے۔ سپر مارکیٹ کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ وہ کرسمس کے دوران ہڑتال سے پیدا ہونے والی کسی الجھن کو حل کرلیں گے۔ Usdaw کی جانب سے ہڑتال سے ٹیسکو کے 9 ڈسٹری بیوشن سینٹر متاثر ہوں گے جبکہ یونائیٹ یونین کے رکن ٹیسکو اسٹاف نے بھی ہڑتال میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے، جس سے کرسمس سے قبل 5 ڈسٹری بیوشن سینٹر متاثر ہوں گے۔ یونائیٹ کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے افراط زر میں اضافے کی وجہ سے 4 فیصد اضافے کے معنی اصل میں تنخواہوں میں کمی کرنا ہے، اکتوبر میں اخراجات زندگی میں 4.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جوکہ گزشتہ 10 سال کے عرصے میں سب سے زیادہ ہے۔ یونائیٹ یونین میں شامل ٹیسکو کے عملے میں گوداموں کا عملہ اور HGV ڈرائیور شامل ہیں۔ Usdaw کا کہنا ہے اس کے ڈائونٹری، گول، ہنکلے، لچ فیلڈ، لونگسٹن، ماگور کے ارکان نے ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ Usdaw کے نیشنل افسر کا کہنا ہے کہ اس کے ارکان نے واضح پیغام دیدیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کمپنی یہ سن رہی ہے اور وہ ایک ایسی بہتر ڈیل کے ساتھ، جو ملازمین کیلئے قابل قبول ہوں، مذاکرات کی میز پر واپس آجائے گی، کمپنی کو چاہئے کہ وہ Usdaw کے ساتھ مذاکرات کرے۔ یونائیٹ کی جنرل سیکرٹری شیرون گراہام نے کہا کہ ہڑتال کی صورت میں سپر مارکیٹ میں اس وقت اشیاء کی قلت پیدا ہوجائے گی جب سپر مارکیٹس کو ان کی بہت زیادہ ضرورت ہوگی۔ ڈڈکاٹ اور ڈنکاسٹر میں 16 دسمبر کو صبح 6 بجے سے 48 گھنٹے کیلئے کام روک دیا جائے گا جبکہ 30 دسمبر کو دوبارہ 48 گھنٹے کیلئے کام روک دیا جائے گا اور 5 جنوری کو ڈونکاسٹر اور ڈڈکاٹ میں 3 دن کی ہڑتال ہوگی۔ اینٹرم اور بلفاسٹ میں ٹیسکو کے ڈسٹری بیوشن سینٹرز پر 16 دسمبرکو صبح 7 بجے سے مکمل ہڑتال ہوگی۔

Related Articles