ٹام کروزکی 30 سال بعد کینز میں واپسی، نئی فلم ’ٹاپ گن: ماورک‘ لانچ کریں گے

کینز ،فرانس،مئی۔ ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ٹام کروز 30 برس بعد فرانس کے شہر کینز پہنچ گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ سْپر اسٹار ٹام کروز 30 سال کے بعد کینز پہنچے ہیں آخری مرتبہ ٹام سن 1992 میں اپنی اْس وقت کی اہلیہ نکول کڈمین کے ساتھ فلم ’فار اینڈ اوے‘ کے پریمیئر کے لیے کینز میں آئے تھے، غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹام کینز میں اپنی فلم ’ٹاپ گن: ماورک‘ لانچ کریں گے۔فلم انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان کے آخری دورے کے بعد سے فلم انڈسٹری میں بہت کچھ بدل گیا ہے تاہم اگر کچھ نہ بدل سکا تو وہ باکس آفس پر ٹام کروز کی مسلسل کامیابی ہے۔فلم انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کے مطابق اب ہالی ووڈ میں سپر ہیرو کا لمبے عرصے تک راج کرنا ایک نایاب چیز ہے کیونکہ اداکاروں اور اداکاراؤں کی انفرادی حیثیت کے بجائے اب سٹوڈیوز مالی لحاظ سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔30 سال قبل جب ٹام کینز آئے تھے تو وہ ہالی ووڈ کے دیگر ستاروں میں سے ایک تھے اور اس وقت انڈسٹری پر کیون کوسٹنر، میل گبسن اور بروس وِلس جیسے لوگوں کا راج تھا تاہم آج وہ تمام نام پس منظر میں جا چکے ہیں مگر باکس آفس پر ٹام کروز کا راج اب بھی برقرار ہے۔کنگز کالج لندن میں میڈیا انڈسٹریز کے پروفیسر پال میکڈونلڈ کے مطابق ٹام کروز ایک ایسے شخص کے طور پر غیر معمولی ہیں جو ایسے وقت بھی اپنا کمرشل وزن برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں جب سٹوڈیو سپر ہیرو فرنچائز فلموں کے زیر تسلط آ گئے ہیں۔ہالی ووڈ فلموں کے بزنس پر تجزیہ کرنے والی غیر ملکی ویب سائٹ دی نمبرز کے مطابق ٹام کروز نے جن 39 فلموں میں بطور مرکزی اداکار کام کیا ان فلموں نے دنیا بھر میں صرف 8.5 بلین ڈالر کمائے۔علاوہ ازیں ٹام کروز اپنی جس فلم کو کینز میں لانچ کرنے والے ہیں اس کے بارے میں باکس آفس پرو کا اندازہ ہے کہ ان کی فلم ’ٹاپ گن: ماورک‘ صرف امریکہ سے 390 ملین ڈالر کما سکتی ہے۔واضح رہے کہ کینز فلم فیسٹیول ہر سال فرانس کے شہر کینز میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر میں بننے والی نئی فلمیں، ڈاکومینٹریز اور شارٹ فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جاتی ہیں، اس فیسٹیول میں تمام شوبز انڈسٹریز کے معروف اداکار اور شوبز سے وابستہ دیگر افراد شریک ہوتے ہیں۔

Related Articles