ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان 2023 ایک سال کے لیے ملتوی

لاہور،اکتوبر۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے جنوری 2023 میں تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ 2024 تک ملتوی کردیا۔پی سی بی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے بورڈ نے تین میچوں کی ٹی20 سیریز ملتوی کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، جو جنوری 2023 میں منعقد ہونا تھی تاہم اب 2024 کی پہلی سہ ماہی میں ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سیریز 2024 میں رکھنے کا فیصلہ ٹی20 ورلڈ کپ کے پیش نظر کیا گیا ہے جو 2024 میں ہوگا۔ٹی20 ورلڈ کپ جون 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ہے اور مذکورہ سیریز ٹورنامنٹ سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے تیاری میں معاون ہوسکتی ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ملتوی ہونے والی یہ سیریز 2023 سے 2027 کے دوران آئی سی سی فیوچر ٹورز پروگرام میں اعلان کردہ سیریز کا حصہ نہیں ہے۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میچوں کے سلسلے میں مئی 2022 میں ملتان میں سیریز کھیلی تھی۔پاکستان نے سیریز میں مہمان ٹیم کو تینوں میچوں میں شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔اس سے قبل دسمبر 2021 میں کراچی میں منعقدہ سیریز 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل تھی جو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی قومی ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تھی۔

 

Related Articles