ولادیمیر پوٹن کی 21ویں سالانہ ہندوستان روس سمٹ میں شرکت متوقع

نئی دہلی، دسمبر۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ہندوستان-روس 21 ویں سالانہ چوٹی کانفرنس اور پہلی ٹو پلس ٹو وزرائے خارجہ اور دفاع کی میٹنگ پیر کو یہاں ہوگی۔وزارت خارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف اور وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اتوار کی رات دیر گئے نئی دہلی پہنچیں گے۔ مسٹر لاؤروف پیر کو صبح 10.30 بجے سشما سوراج بھون میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ مسٹر سرگئی شوئیگو سے ملاقات کریں گے۔ پہلی ہندوستان روس ٹو پلس ٹو میٹنگ سشما سوراج بھون میں صبح 11.30 بجے ہوگی۔وزارت خارجہ کے مطابق روسی صدر مسٹر پوٹن 6 دسمبر کو دارالحکومت پہنچیں گے۔ ٹو پلس ٹو میٹنگ کے بعد وہ شام 5.30 بجے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہندوستان-روس سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ سالانہ سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی شرکت متوقع ہے۔روسی صدر اور وہاں کے وزیر خارجہ اور دفاع پیر کی رات ہی وطن واپس لوٹ جائیں گے۔

Related Articles