ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہ ہونے پر رونالڈو کا ردعمل سامنے آگیا

دوحہ،دسمبر۔قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں گزشتہ روز مراکش نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور ساتھ ہی رونالڈو کے ورلڈکپ جیتنے کا خواب بھی چکنا چور کر دیا۔پرتگال کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو میچ ختم ہوتیہی روتے ہوئے گراؤنڈ سے روانہ ہوئے، رونالڈو کی رونے کی ویڈیو نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو افسردہ کردیا۔تاہم آج رونالڈو نے ورلڈکپ کا سفر ختم ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنا بیان جاری کیا ہے۔رونالڈو نے سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘پرتگال کے لیے ورلڈ کپ جیتنا میرے کیریئر کا سب سے بڑا خواب تھا، خوش قسمتی سے میں نے پرتگال سمیت بین الاقوامی مقابلوں میں بہت سے ٹائٹل جیتے لیکن اپنے ملک کے لیے ورلڈکپ جیتنا میرا سب سے بڑا خواب تھا۔ انہوں نے لکھا کہ اس خواب کو پورا کرنے لیے میں نے پوری کوشش کی، 16 سال میں 5 ورلڈ کپ کھیلے اورگول کیے میں نے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے کبھی ہمت نہیں ہاری، افسوس کی بات ہے کہ کل میرا خواب ٹوٹ گیا۔رونالڈو نے مزید کہا کہ بہت کچھ کہا گیا، بہت کچھ لکھا گیا بہت قیاس آرائیاں بھی ہوئیں لیکن میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ آپ سب جان لیں کہ پرتگال کے لیے میری لگن ایک لمحے کے لیے بھی تبدیل نہیں ہوئی، میں ہمیشہ سب کے مقصد کے لیے لڑا، میں اپنے ساتھیوں اور اپنے ملک سے کبھی منہ نہیں موڑوں گا،اب اور کچھ نہیں کہنا ، شکریہ پرتگال، شکریہ قطر ،میرا وہ خواب جب تک چلتا رہا اچھا رہا۔واضح رہے کہ خیال کیا جارہا ہے کہ رونالڈو کا یہ آخری ورلڈکپ تھا اور شائقین انہیں دوبارہ ورلڈکپ میں کھیلتا نہیں دیکھیں گے ان کی آج کی پوسٹ سے اس بات پر یقین کیا جاسکتا ہے کہ وہ اگلا ورلڈکپ نہیں کھیلیں گے۔

Related Articles