نیتا جی کی یوم پیدائش کوقومی تعطیل قراردیا جائے: ممتا
کولکاتا، جنوری۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کی 125 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتا جی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے رہیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش کو قومی تعطیل کے طور پر منانے کا مطالبہ دہرایا ہے۔محترمہ بنرجی نے ٹویٹ کیا، ’وہ (نیتا جی سبھاش چندر بوس) حب الوطنی، ہمت، قیادت، اتحاد اور بھائی چارے کی علامت ہیں۔ نیتا جی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ رہے ہیں اور رہیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ ایک قومی اور عالمی علامت، نیتا جی کا بنگال سے عروج کی ہندوستانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی‘۔وزیر اعلیٰ نے کہا، ’امسال یوم جمہوریہ کی پریڈ میں نیتا جی پر ایک جھانکی پیش کی جائے گی اور ہمارے ملک کی آزادی کے 75ویں سال کی یاد میں بنگال کے دیگر نامور مجاہدین آزادی کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا‘۔انہوں نے نیتا جی کے یوم پیدائش کو قومی تعطیل کے طور پر اعلان کرنے کی مرکزی حکومت سے اپنی اپیل کا اعادہ کیا تاکہ قومی رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے اور ملک بھر میں انتہائی مناسب طریقے سے ’دیش نائک دیوس‘ منایا جا سکے۔