نڈال گاسکیٹ کے خلاف 18ویں جیت کے ساتھ چوتھے راؤنڈ میں پہنچے

نیویارک، ستمبر ۔ہسپانوی لیجنڈ اور 22 بار کے گرینڈ سلیم فاتح رافیل نڈال نے فرانس کے رچرڈ گاسکیٹ پر 18ویں جیت کے ساتھ یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا ہے۔نڈال نے ہفتے کو آرتھر ایشے اسٹیڈیم میں ہوئے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں گاسکیٹ کو 6-0، 6-1، 7-5 سے شکست دی۔ نڈال اور گاسکیٹ اب تک 18 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں اور ہر بار اسپینی کھلاڑی نے اپنے فرانسیسی حریف کو شکست دی ہے۔نڈال نے میچ کے بعد کہاکہ یہ ٹورنامنٹ میں میرا بہترین میچ تھا۔ یہ کہنا آسان ہے کیونکہ دوسرا دن مشکل تھا، لیکن میں نے نمایاں بہتری کی، یہ ٹورنامنٹ میں میری پہلی سیدھوں سیٹوں میں جیت ہے۔ میں کچھ مشکل لمحات سے گزرا۔ یہ اچھی بات ہے کہ میں ان سے گزرا اور مثبت انداز میں کھیلنے میں کامیاب رہا۔نڈال کا اگلا مقابلہ امریکہ کے فرانسس ٹیافو سے ہوگا، جن کے خلاف وہ اپنے پچھلے دونوں میچ جیت چکے ہیں۔ امریکی کھلاڑی نے تیسرے راؤنڈ میں ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارٹزمین کو 7-6 (7)، 6-4، 6-4 سے شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔دریں اثنا نڈال کے ہم وطن کارلوس الکاراز نے امریکی جینسن بروکسبی کو 6-3، 6-3، 6-3 سے شکست دیکر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنائی ۔ اس فتح کے ساتھ الکاراز پیٹ سمپراس (1989–90) کے بعد چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں، جہاں ان کا مقابلہ کروشیا کے 15ویں سیڈ میرین سلِک سے ہوگا۔

 

Related Articles