میڈل ہٹانے سے شیخ عبداللہ کی شخصیت متاثر نہیں ہوگی: محبوبہ مفتی
سری نگر،مئی۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس میڈل سے نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کی تصذویر ہٹانے سے ان کی شخصیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ جموں و کشمیر کی ایک قد آور شخصیت ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کو ملک کے ساتھ جوڑنے میں بہت بڑا رول ادا کیا۔بتادیں کہ جموں وکشمیر حکومت نے پیر کے روز ایک حکمنامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ بہادری اور شاندار خدمات انجام دینے کے لئے دئے جانے والے جموں و کشمیر پولیس میڈلز کے ایک طرف اب شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی تصویر کو قومی نشان سے بدل دیا جائے گا۔اس حکمنامے کے حوالے سے محبوبہ مفتی نے منگل کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے شیخ محمد عبداللہ کی شخصیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا: ’شیخ صاحب ایک قد آور شخصیت ہیں ان کا میڈل ہٹانے سے ان کی شخصیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا‘۔ان کا کہنا تھا: ’شیخ صاحب نے جموں وکشمیر کو ملک کے ساتھ جوڑنے میں بہٹ بڑا رول ادا کیا ہے اگر آج ان کی شناخت ختم کی جا رہی ہے تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں‘۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شیخ صاحب نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی بھی کافی خدمت کی ہے۔پبڈت برادری کے لوگوں کے احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا غصہ جائز ہے کیونکہ بی جے پی نے ان کو ہمیشہ استعمال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھی پنڈتوں کی باز آباد کاری کے لئے کیا گیا وہ سب گذشتہ حکومتوں نے ہی کیا چاہئے وہ ان کے لئے مخصوص کالنیوں کی تعمیر ہے یا وزیر اعظم پیکیج ہے۔