مہاراشٹر میں سیاسی بحران: شرد پوار نے ممبئی میں پارٹی کی ہنگامی میٹنگ طلب کی

پونے، جون۔شیوسینا کے کچھ ممبران اسمبلی کی ناراضگی کے بعد گجرات کے سورت پہنچنے کی خبروں کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے ممبئی میں اپنی پارٹی کے رہنماؤں کی ہنگامی میٹنگ بلائی ہے۔مسٹر پوار نے منگل کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں میں مہاراشٹر حکومت کو گرانے کی یہ تیسری کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحاد کا ایک امیدوار قانون ساز کونسل کا الیکشن ہار گیا ہے۔ ماضی میں بھی اس قسم کے انتخابات میں کراس ووٹنگ ہوئی ہے، یہ پہلی بار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی میں کوئی بغاوت نہیں ہے۔نامہ نگاروں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ شیو سینا کا اندرونی معاملہ ہے۔ مسٹر پوار نے کہا کہ وہ آج رات ممبئی جائیں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر مہاراشٹر حکومت گرتی ہے تو کیا آپ کی پارٹی بی جے پی کے ساتھ جائے گی؟ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت چلتی رہے گی۔شیوسینا کے ایک لیڈر نے الزام لگایا کہ پارٹی لیڈر ایکناتھ شنڈے کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر شنڈے نئی پارٹی بنا سکتے ہیں یا بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا میں 12 بجے پارٹی ایم ایل اے کی ہنگامی میٹنگ بلائی تھی۔ جس میں کل 14 ایم ایل ایز نے حصہ لیا۔شیوسینا کے ایم ایل اے اور وزیر ایکناتھ شندے کے ساتھ پارٹی کے 32 ایم ایل اے گجرات کے سورت میں ہیں۔کانگریسکی مہاراشٹر یونٹ کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی سیاست کے لیے طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

Related Articles