موہالی وراٹ کوہلی کے 100ویں ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا

نئی دہلی، فروری۔ ہندوستان کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کا 100 واں ٹیسٹ پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن (پی سی اے) اسٹیڈیم موہالی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل یہ ٹیسٹ بنگلور میں کھیلے جانے کا منصوبہ تھا۔ مقامی آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ 14 سالہ رفاقت کی وجہ سے چناسوامی اسٹیڈیم کوہلی کا ہوم گراؤنڈ رہا ہے۔ کرک بز کے مطابق سری لنکا کے خلاف پہلے سے اعلان کردہ سیریز ریورس آرڈر میں کھیلی جا سکتی ہے۔ سیریز میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شامل ہیں۔ سری لنکا اپنے ہندوستانی دورے کا آغاز لکھنئو میں ٹی-20 میچ کے ساتھ کرے گا۔ اس سے پہلے اس دورے کا آغاز ٹیسٹ سے ہونا تھا۔ اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یوپی سی اے) 24 فروری کو پہلے ٹی-20 کی میزبانی کرے گا۔ اس کے بعد دوسرا اور تیسرا ٹی-20 میچ 26 اور 27 فروری کو دھرمشالہ کے ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ پی سی اے) اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یوپی سی اے اور ایچ پی سی اے دونوں کے عہدیداروں نے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔ دھرم شالہ میں ٹی 20 کھیلنے کے بعد، دونوں ٹیمیں 3 سے 7 مارچ تک موہالی میں پہلا ٹیسٹ کھیلیں گی، جو سابق ہندوستانی کپتان کوہلی کا 100 واں ٹیسٹ ہوگا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک بنگلورو میں ہوگا۔ تاہم، یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ چناسوامی ٹیسٹ ڈے نائٹ ہوگا یا نہیں۔ نہ ہی ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ اور نہ ہی کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے۔ کے ایس سی اے کے ایک اہلکار نے کہا، ’’ہمیں نہیں معلوم کہ یہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہے ۔ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ 12 سے 16 مارچ تک ہوگا۔ اس سے قبل دورے کا آغاز بنگلورو میں ٹیسٹ میچ سے ہونا تھا، اس کے بعد ایک ٹی-20 موہالی میں، ایک ایک ٹی-20 دھرمشالہ اورلکھنئو میں ہونے تھے۔ دریں اثناء سیریز سے قبل سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں تاریخ کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے لیکن اب جب بھی چیتن شرما کی قیادت والی کمیٹی کی میٹنگ ہوگی، تو روہت شرما کو ٹیسٹ کے لئے بطور کپتان بھی مقررکیاجاسکتا ہے۔

Related Articles