مودی پہلی ورچوئل آئی2یو2 سمٹ میں شرکت کریں گے

نئی دہلی، جولائی۔ہندوستان، اسرائیل، امریکہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اتحاد آئی2یو2 کی آج ہونے والی پہلی ورچوئل میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے۔میٹنگ میں امریکی صدر جوزف آر بائیڈن، اسرائیلی وزیراعظم یائر لاپڈ اور یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بھی شرکت کریں گے۔ بنیادی طور پر اقتصادی موضوعات پر تعاون پر مبنی یہ آئی2یو2 اتحاد گزشتہ سال 18 اکتوبر کو چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں تشکیل پایا۔ شیرپا سطح پر چاروں ممالک کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں میں تبادلے بڑھانے کے لیے بات چیت ہوتی رہی ہے۔یہ اتحاد بنیادی طور پر چھ شعبوں – پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، خلائی، صحت اور غذائی تحفظ میں مشترکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے بنایا گیا ہے۔ ان شعبوں میں نجی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر میں جدید کاری، صنعتوں کے لیے کم سے کم کاربن اخراج والے اقدامات، صحت عامہ میں بہتری اور جدید ترین اور آلودگی سے پاک ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔اس میٹنگ میں ، لیڈران کے درمیان آئی2یو2 فریم ورک کے تحت ممکنہ مشترکہ منصوبوں پربات چیت ہوگی اوراس کے ساتھ ہی تجارت اور سرمایہ کاری پر اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

Related Articles