مودی حکومت راہل سے ڈرتی ہے، سازشوں کی ساری حدیں پار کر دیں : کمل ناتھ

بھوپال، مارچ ۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی رکنیت کی منسوخی پر پارٹی کی مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر کمل ناتھ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت نے مسٹر گاندھی کے خلاف سازشوں کی ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مسٹر گاندھی سے خوفزدہ ہے۔مسٹر کمل ناتھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مرکزی حکومت نے قابل احترام کانگریس لیڈر مسٹر گاندھی کے خلاف سازش کرنے میں تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ جس طرح سے ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کی گئی ہے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مسٹر گاندھی سے خوفزدہ ہے۔ مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ مسٹر گاندھی کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینے کے بجائے حکومت انہیں لوک سبھا سے ہٹانے کا راستہ تلاش کر رہی ہے۔ آج کا دن ہندوستانی جمہوریت کے لیے بڑے دکھ اور درد کا دن ہے، لیکن ایک بات اچھی طرح یاد رکھنی چاہیے کہ آنجہانی اندرا گاندھی کے خلاف بھی ایسی ہی سازشیں رچی گئی تھیں، مگر اس نے انھیں کمزور نہیں بلکہ مضبوط بنایا۔ آج ہندوستان کے لوگ پہلے سے زیادہ مضبوط مسٹر گاندھی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انصاف ضرور ہو گا۔

Related Articles