مودی جوائنٹ کمانڈر کانفرنس سے خطاب کریں گے

نئی دہلی، مارچ ۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو بھوپال کے ایک دن کے دورے پر جائیں گے جہاں و ہ جوائنٹ کمانڈرز کانفرنس کو خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم بھوپال کے رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن پر بھوپال اور نئی دہلی کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ یہ سہ روزہ فوجی کمانڈرز کانفرنس آج سے شروع ہو رہی ہے۔ کانفرنس کا تھیم ریڈی ، ریسرجینٹ ، ریلیوینٹ ہے۔ کانفرنس کے دوران مسلح افواج کی مشترکہ تیاریوں کے پیش نظر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مسلح افواج کی تیاری اور ’خود انحصاری‘ کے حصول کے لیے دفاعی ماحولیاتی نظام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔کانفرنس میں تینوں مسلح افواج کے کمانڈرز اور وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ آرمی، نیوی اور ایئر مین کے ساتھ ایک جامع اور غیر رسمی بات چیت بھی ہوگی۔وندے بھارت ایکسپریس کی نئی ٹرین بھوپال کے رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے درمیان چلے گی۔ یہ ملک کی 11ویں وندے بھارت ایکسپریس ہوگی۔ وندے بھارت ایکسپریس کو مقامی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جو بہترین سفری سہولیات سے آراستہ ہے۔ یہ ٹرین تمام مسافروں کو تیز رفتار ، آرام دہ اور آسان سفر کا تجربہ فراہم کرے گی، سیاحت کو فروغ دے گی اور خطے میں اقتصادی ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

Related Articles