منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کانگریس صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی کو نوٹس

نئی دہلی، جون۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نیشنل ہیرالڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو نوٹس بھیجے ہیں۔ذرائع کے مطابق مرکزی ایجنسی نے کانگریس کے لیڈروں کو یہ نوٹس کچھ دن پہلے جاری کئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں لیڈروں سے 8 جون کو پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔ دریں اثنا کانگریس نے کہا کہ جانچ ایجنسی نے اس کیس کو سات سال پہلے بند کر دیا تھا لیکن اب اس کا استعمال کانگریس لیڈروں کو خوفزدہ اور ہراساں کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سرجے والا اور کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے نوٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آزادی سے پہلے برطانوی حکومت نے نیشنل ہیرالڈ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی اور اب مودی حکومت بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی آڑ میں کانگریس کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیشنل ہیرالڈ کا معاملہ 2000 کروڑ روپے کی مبینہ طور پر غلط استعمال سے متعلق ہے۔

 

Related Articles