ممتا بنرجی نے دارجلنگ میں گورنر سے ملاقات کی
کلکتہ,جولائی۔ گورنر جگدیپ دھنکر جو آج ہی دارجلنگ پہنچے ہیں نے آج ممتا بنرجی کو دارجلنگ میں واقع راج بھون میں چائے پر مدعو کیا تھا۔سہ پہر ممتا بنرجی نے راج بھون جاکر گورنر سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ گورنر نے اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری اور ان کے ساتھ موجود سنتو ں و راہبوں کے ایک وفد سے ملاقات کی تھی۔جس میں انہوں نے ماں کالی سے متعلق تبصروں پر کہا تھا کہ وہ خود تکلیف محسوس کررہی ہیں۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان اخبار جاگو بنگلہ میں گورنر پر سخت تنقید کی گئی ہے۔جاگو بنگلہ میں پارٹی ترجمان کنال گھوش نے لکھا ہے کہ ”کیا راج بھون بی جے پی کا ہیڈکوارٹر ہے؟ یا راج بھون بی جے پی کیلئے دوپہر کی میٹنگ روم؟ یا بی جے پی کا نام سنتے ہی سارے قانون، رسم و رواج، پالیسیاں ختم ہوجاتی ہیں۔ایک ایسے محل میں جہاں گورنر کی اجازت کے بغیر ایک خاص تعداد میں لوگ داخل نہیں ہو سکتے، اپوزیشن لیڈرجب چاہتے ہیں پہنچ جاتے ہیں۔سنتوں اور راہبوں کے احترام کے ساتھ، یہ کہنا پڑتا ہے کہ گورنر نے راج بھون کو مذہبی اکھاڑے میں تبدیل کردیا ہے۔ اس سے قبل باگ ڈوگرا ئیر پورٹ پر جگدیپ دھنکھر نے کہا اب وقت آگیا ہے، نامور لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔ انہیں اپنا منہ کھولنے کی ضرورت ہے۔ دھنکھر نے نوکرشاہوں کو بھی نشانہ بنایا۔ جواب میں اسپیکر بمان بنرجی نے کہاکہ گورنر نے راج بھون اور گورنر کے عہدہ کو مذاق میں بدل دیا، بدقسمتی سے، ہمیں برا لگتا ہے۔’پارلیمانی امور کے وزیر پارتھو چٹرجی نے الزام عائد کیا کہ کہ گورنر ایک خاص سیاسی جماعت کے نمائندے کے طور پر کام کر رہے ہیں۔