معین علی کو کرکٹ خدمات کے اعتراف میں او بی ای ایوارڈ سے نوازا گیا
لندن،جون۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی کو کرکٹ میں خدمات کے اعتراف میں اے بی ای (آرڈر آف برٹش ایمپائر) ایوارڈ سے نوزا گیا۔ 34 سالہ معین علی کو کوئنز ایلزبتھ کی برتھ ڈے کے آنری لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ برطانوی کھلاڑی کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ ان کے بہترین کیریئر کی عکاسی کرتا ہے، جو رنز اور وکٹوں سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خدمات کو تسلیم کرنا ہی بڑے اعزاز کی بات ہے۔ یہ لمحہ میرے لئے اور خاندان کیلئے قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایوارڈ میرے والدین کی قربانیوں، تربیت اور محنت کا ثمر ہے اور یہ ایوارڈ اپنے والدین کے نام کرتا ہوں۔ معین علی کا کہنا ہے کہ رول ماڈل بننا اہم ذمہ داری ہے کیونکہ آپ کسی کو مایوس نہیں کرنا چاہتے۔ لوگ آپ سے متاثر ہوتے ہیں۔ اس لئے آپ کو ہر چیلنج کو قبول کرنا پڑتا ہے۔ اس ضمن میں انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیرسن کا کہنا ہے کہ معین علی ہمارے ملک کے لوگوں کیلئے رول ماڈل اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شاندار پرفارمنس اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ وہ ایک چیمپئن کرکٹر ہے، جس نے مذہب یا ثقافت سے قطع نظر لوگوں کو اکٹھا کرنے کیلئے کھیل کے فروغ کیلئے بہترین کام کیا۔ یاد رہے کہ لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین معین علی 2019 آئی سی سی ورلڈ کپ کے فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے اپنے 16 سالہ کیریئر میں 225 میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 سنچریاں بنائی۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک بھی کرچکے ہیں۔