معین علی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار

لندن، جون ۔ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے ایک سال بعد انگلینڈ کے اسٹار آل راؤنڈر معین علی نے کہا ہے کہ وہ کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔معین نے ہفتے کے روز کہا کہ وہ انگلینڈ کے نئے کوچ برینڈن میک کولم کے ساتھ بات چیت کریں گے، جس کے بعد انہوں نے اتوار کو اطلاع دی کہ دونوں کے درمیان بات چیت ہوچکی ہے۔معین نے کہا، .میں نے آج صبح میک کولم سے بات کی اور ہم نے اس سال پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بارے میں بات کی۔ ٹیم کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں باضابطہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کررہا ہوں۔.انہوں نے کہا، .ان کو نہ کہنا بہت مشکل ہے۔ انہیں اپنی بات منوانی آتی ہے اورسچ کہوں تو میں ان کے اور بین اسٹوکس کی قیادت میں کھیلنا پسند کروں گا۔ وہ دونوں بہت جارحانہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ میں ان کے کرکٹ میں ڈھل پاؤں گا۔ ‘‘معین نے کہا کہ جب انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو وہ کرکٹ سے تھکا ہوا محسوس کررہے تھے لیکن میک کلم کے ساتھ کھیلنے کی خواہش کو دبانا مشکل ہے۔معین نے بی بی سی کے ٹیسٹ میچ اسپیشل میں کہا،’’جب ، اور اگر ، میک کلم مجھے کھلانا چاہیں گے ، میں ضرور پاکستان میں کھیلوں گا۔ میں وہاں کچھ سال پہلے پاکستان سپرلیگ میں کھیل چکا ہوں لیکن وہ الگ تجربہ تھا۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انگلینڈ کے ساتھ کھیلنا بہت اچھا تجربہ ہوگا۔ میں اپنے کنبے کی تاریخ سے بھی وہاں سے جڑا ہوا ہوں۔ یہ ایک تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ انگلینڈ نے کئی برسوں سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ وہاں سے کس طرح کی محبت اور تعاون مل سکتا ہے، وہاں لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ معین نے گزشتہ سال ستمبر میں ٹیسٹ کرکٹ سے یہ کہہ کر ریٹائرمنٹ لے لیا تھا کہ وہ اپنے محدود اوورز کے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ معین اب تک 64 ٹیسٹ میچ کھیل کر 5 سنچریوں کی مدد سے 2914 رن بناچکے ہیں اور 64 میچوں میں 195 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

 

Related Articles