معروف بالی ووڈ کورویو گرافر گنیش اچاریہ پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات

ممبئی،اپریل۔ بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے معروف کورویوگرافر گنیش اچاریہ پر جنسی ہراسانی اور تعاقب کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔بالی ووڈ کے معروف کوریو گرافر گنیش اچاریہ کے خلاف 2020 میں ان کی ایک ساتھی ڈانسر کی جانب سے دائر کیے گئے جنسی ہراسانی کے مقدمے میں تازہ ترین اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق ممبئی پولیس نے گنیش اچاریہ پر جنسی ہراسانی اور تعاقب کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔کیس کی تحقیقات کرنے والے اوشیوارا پولیس آفیسر سندیپ شندے کے مطابق کورویوگرافر گنیش اچاریہ کے خلاف چارج شیٹ حال ہی میں ممبئی کی ایک مجسٹریٹ عدالت میں داخل کی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے گنیش اچاریہ اور ان کے اسسٹنٹ پر انڈین پیل کوڈ کے سیکشن 354اے(جنسی طور پر ہراساں کرنا)، 354سی (ویورزم)، 354ڈی(پیچھا کرنا)، 509(کسی بھی عورت کی توہین کرنا)، 323(دکھ پہنچانا)، 504(امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین کرنا)، 506 (مجرمانہ دھمکی)، 34 (جرم کرنے کے مشترکہ ارادہ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔گنیش اچاریہ کے اسسٹنٹ کا کہنا ہے کہ انہیں چارج شیٹ شیٹ داخل ہونے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ تاہم گنیش اچاریہ نے کیس میں ہونے والی تازہ کارروائی پر فی الحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ ماضی میں گنیش اچاریہ اپنے اوپر لگے ان تمام الزامات کی تردید کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ساتھی ڈانسر کی جانب سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔2020 میں جب گنیش اچاریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی تو ان کی قانونی ٹیم نے شکایت کنندہ خاتون ڈانسر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ساتھی ڈانسر نے ان پر الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ گنیش اچاریہ کے ساتھ جنسی تعلقات کو مسترد کرنے کے بعد انہوں نے اسے ہراساں کرنا شروع کردیا۔ اس کے علاوہ ڈانسر نے گنیش اچاریہ پر فحش تبصرے کرنے، فحش فلم دکھانے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا الزام بھی لگایا۔شکایت کنندہ خاتون کے مطابق 2019 میں گنیش نے ان سے کہا تھا کہ اگر وہ انڈسٹری میں کامیاب ہونا چاہتی ہے تو اس کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرے۔ لیکن خاتون ڈانسر نے انکار کر دیا، اور چھ ماہ بعد انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویڑن کوریوگرافرز ایسوسی ایشن نے اس کی رکنیت ختم کردی۔خاتون ڈانسر نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ 2020 میں ایک میٹنگ میں، کوریوگرافر نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور اس کے معاونین نے اس پر حملہ کیا۔

Related Articles