مرکزی حکومت پرالی کے مسئلہ کے حل کے لیے کسانوں کے ساتھ تعاون کرے: رائے

نئی دہلی، نومبر۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ مرکزی حکومت کو پرالی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کسانوں کو گالی دینے کے بجائے ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔مسٹر رائے نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی اور پنجاب کی حکومت پرالی جلانے سے روکنے کے لیے کسانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت نے انکار کر دیا ہے۔ بی جے پی پہلے آلودگی بڑھاتی ہے پھر اس پر سیاست کرتی ہے۔ دہلی حکومت آلودگی کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ترجمانوں نے پریس کانفرنس کرکے وزیراعلی اروند کیجریوال پر تنقید کی اور کہا کہ کیجریوال پنجاب میں پرالی جلا کر دہلی والوں کی سانسوں سے کھیل رہے ہیں۔ یہ باتیں بی جے پی کر رہی ہے جو پٹاخوں پر سے پابندی ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ گئی تھی۔ بی جے پی نے گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اروند کیجریوال کی جانب سے چلائی جارہی ’’ریڈ لائٹ آن، گاڑی آف‘‘ مہم کو روک دیا۔وزیر ماحولیات نے کہا کہ کوئی بھی ریاستی حکومت اتنا کام نہیں کر رہی ہے جتنا دہلی حکومت آلودگی کے مستقل حل کے لیے کر رہی ہے۔ چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے سے جنریٹروں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو مکمل طور پر روک دیا گیا۔ دہلی میں ای-وہیکل پالیسی لا کر گاڑی کی آلودگی کے مستقل حل کی طرف ایک قدم اٹھایا گیا ہے۔ شجرکاری کے ذریعے دہلی کی گرین بیلٹ کو 20 فیصد سے بڑھا کر 23 فیصد کر دیا۔ درختوں کی پیوند کاری کی پالیسی لا کر دہلی میں ترقی اور ماحولیات کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اے کیو اے ایم نے تمام ریاستوں کو حکم دیا تھا لیکن دہلی واحد ریاست ہے جس نے تمام صنعتی یونٹوں کو پی این جی میں تبدیل کر دیا ہے۔ دہلی پہلی ریاست ہے جو اپنا موسم سرما کا ایکشن پلان بنا کر دھول مخالف مہم چلا رہی ہے۔ دہلی پہلی ریاست ہے جس نے پرندے کے لیے بائیوڈیکمپوزر کا چھڑکاؤ کیا ہے۔

Related Articles