مذہبی بنیاد پر نہیں انسانیت کی بنیاد پر الیکشن لڑا: ارونا

کھرگون، جولائی ۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کی ارونا بائی اپادھیائے نے کہا کہ انہوں نے مذہبی بنیاد پر نہیں بلکہ انسانیت کی بنیاد پر الیکشن لڑا ہے۔ کھرگون میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 2 سے اے آئی ایم آئی ایم کی ارونا اپادھیائے 31 ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ وارڈ کی ترقی کے لیے پوری کوشش کریں گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ جب اویسی کی پارٹی نے مسلم اکثریتی علاقوں میں ایک ہندو کو ٹکٹ دیا تو آپ کو کیسا لگتا ہے، تو انھوں نے کہا کہ وہ انسانیت کے ناطے کے لئے لڑی ہیں مذہب کے لیے نہیں ، وہ ہندو مسلم یا ذات پات کے نظام کی پیروی نہیں کریں گی۔ انہوں نے اس جیت کو ہندو مسلم اتحاد کی جیت قرار دیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ مسٹر اویسی کے بارے میں انہیں کس چیز نے متاثر کیا، تو انہوں نے کہا کہ مسٹر اویسی نے انہیں محبت اور احترام دیا ہے، وہ آئین اور بابا صاحب کی پیروی کرتے ہیں، وہ بھی ایک دلت خاتون ہیں اور ریزرویشن چاہتی ہیں۔اے آئی ایم آئی ایم کھرگون کے صدر سرفراز خان نے کہا کہ پارٹی نے 7 امیدوار کھڑے کیے تھے جن میں سے تین جیت گئے ہیں۔ ہم اس جیت کو عوام کی تبدیلی کی خواہش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم کے اسد الدین اویسی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھرگون اور مدھیہ پردیش سے 7 امیدواروں نے میونسپل انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ کھرگون کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ کہ انہوں نے ہمیں عزت دی اور اپنے قیمتی ووٹوں سے مجلس کو نوازا۔ کھرگون کے لوگوں نے نفرت کی سیاست کو مسترد کر دیا اور ہماری امیدوار ارونا اپادھیائے کو کامیاب کیا۔ مدھیہ پردیش میں میونسپل انتخابات میں اے آئی ایم آئی ایم کے سات امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

Related Articles