متحدہ عرب امارات :کووِڈ-19 کا لازمی ماسک پہننے سے متعلق قواعد میں نرمی

دبئی،ستمبر۔متحدہ عرب امارات کی نیشنل کرائسِس اورایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے ملک کے بعض علاقوں میں کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے لازمی ماسک پہننے سے متعلق قواعدوضوابط میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔اس نے یہ فیصلہ یواے ای میں کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر کیا ہے۔این سیما نے بدھ کے روز ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ’’عوامی مقامات پرورزش کرنے والے افراد،نقل وحمل کی ذاتی سہولت کا استعمال کرنے والے ایک ہی خاندان کے ارکان، سوئمنگ پول اور ساحل سمندر پر جانے والوں، طبی مراکز کے مریضوں اور بیوٹی سیلون یاحجام کی دکانوں کے صارفین کواب قانون کے مطابق ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی۔‘‘البتہ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کو اب بھی ایک دوسرے سے دومیٹرکا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ نیز مقامی حکام ان جگہوں کونشان زد کرنے کے پابند ہوں گے جہاں ماسک پہننا لازمی نہیں ہے۔یواے ای میں کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 2020ء کے اوائل میں لازمی ماسک پہننے کا ضابطہ متعارف کرایا گیا تھا۔اس سے قبل عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے افراد کو816 ڈالر (3,000 اماراتی درہم) جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب مذکورہ مقامات پر ماسک نہ پہننے کی صورت میں جرمانہ نہیں ہوگا۔متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 2021ء میں ویکسین لگانے کی ایک بھرپور مہم چلائی ہے۔اس کے تحت یواے ای میں مقیم شہریوں اور تارکین وطن کی کثیرتعداد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔این سیما کاکہنا ہیکہ اگست 2021 ء تک وسیع پیمانے پر جانچ اور ویکسی نیشن کے نتیجے میں کووڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں کمی واقع ہوئی ہے،اس کے پیش نظر22ستمبر سے لازمی ماسک پہنے کے قواعد وضوابط میں تبدیلی کی جارہی ہے۔تاہم سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں این سیما اورامارات کی وزارتِ صحت نے عوامی مقامات پر ماسک پہننے سے متعلق باقی قواعد پر عمل کرنے کی اہمیت پرزوردیا ہے۔

Related Articles