متحدہ عرب امارات عالمی توانائی سلامتی کی حمایت جاری رکھے گا:صدر شیخ محمد

ابوظبی،جولائی۔متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زایدآل نہیان نے بدھ کے روزکہا ہے کہ ان کا ملک ایک قابلِ اعتماد توانائی مہیا کنندہ کی حیثیت سے عالمی توانائی کی سلامتی کی حمایت جاری رکھے گا۔شیخ محمد نے کہا کہ ہم توانائی مہیّاکرنے والے قابلِ اعتماد اورعالمی توانائی سلامتی کے حامی کے طورپرمتحدہ عرب امارات کے کردارکو مستحکم کرتے رہیں گے جو عالمی اقتصادی نمواور ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔شیخ محمد نے 14مئی کو صدر منتخب ہونے کے بعد ٹیلی ویڑن پراپنی پہلی تقریر کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے معیشت کو متنوع بنانا ایک ناگزیرتزویراتی ضرورت ہے۔اس لیے عالمی سطح پر فعال معیشت کی تعمیرکے لیے اقتصادی ترقی کی کوششوں کو تقویت دینا ضروری ہے۔ ہم یواے ای کی اقتصادی مسابقت کو مستحکم کرتے رہیں گے اوربہترین عالمی درجہ بندی کے حصول کے لیے کام کریں گے۔شیخ محمد نے یہ بھی کہا کہ ملک کے شہریوں کوبااختیار بنانا ہمیشہ ہماری اوّلین ترجیح رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمارے لوگوں کے پاس وہ سب کچھ ہو،جوانھیں پوری، آرام دہ اور خوشگوار زندگی گزارنے کے لیے درکار ہے اور یہ ہمارے مستقبل کے تمام منصوبوں کی بنیاد ہے۔انھوں نے متحدہ عرب امارات کے مکینوں کے کردار کی اہمیت پرزوردیا جو ملک کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں اور ملک کی ترقی میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔شیخ محمد نے مرحوم صدور اپنے بھائی شیخ خلیفہ بن زایدآل نہیان اور والدشیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی وراثت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات دونوں مرحوم رہ نماؤں کی جانب سے وضع کردہ راستے پر گامزن رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی وراثت کی بدولت متحدہ عرب امارات میں آج ایک ترقی یافتہ، جامع اورپائیدارنظام موجود ہے جو خطے اور دنیا کے لوگوں کے لیے تحریک اور امید کا ذریعہ بن گیا ہے۔صدر نے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے مضبوط تعلقات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی اورعالمی سطح پرحاصل کردہ ساکھ کو بڑھاتا رہے گا۔انھوں نے واضح کیا کہ اگلے مرحلے کے دوران میں ہم مختلف ممالک کے ساتھ تزویراتی شراکت داری قائم کرکے اس ساکھ کو مزید فروغ دیں گے۔یواے ای دنیا بھر کے معاشروں کو انسانی اورترقیاتی امداد مہیا کرنے میں اپنے کردار کو مضبوط کرے گا اورکسی بھی مذہب، نسل یا رنگ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بلاتمیزامداد مہیّا کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آج متحدہ عرب امارات کی معیشت متاثر کن شرح سے ترقی کر رہی ہے۔ ہمیں بہت سے وسائل سے نوازا گیا ہے، خاص طور پرہمارے پاس اعلیٰ ہْنرمند انسانی سرمایہ موجود ہیاورنوجوان افرادی قوت کی ایک ممتاز دولت ہے۔

 

Related Articles