مان نے گرو رویداس کی تعلیمات کے مطابق کام کرنے کا عزم کیا

جالندھر، فروری۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے جمعرات کو شری گرو رویداس کی تعلیمات کے مطابق سماج کے کمزور اور محروم طبقات کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے انتھک محنت کرنے کا عزم کیا۔گرو روی داس کے آنے والے پرکاش پرو کو منانے کے لیے سٹی ریلوے اسٹیشن سے بنارس جانے والی تیرتھ یاتریوں کی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے سے پہلے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ بلاں کے سربراہ سنت بابا نرنجن داس سے آشیرواد حاصل کرنے کے بعد کہا کہ ریاستی حکومت غریب سے غرین شخص کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لئے پابند عہد ہے۔ مسٹر مان نے کہا کہ گرو رویداس کے آشیرواد سے ان کی حکومت زبردست اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب ترین طبقے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرو رویداس نے پوری انسانیت کی فلاح و بہبود اور سماج کے تمام طبقات کی برابری کا پیغام دے کر مساواتی اقدار پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ گرو رویداس نے ایک ایسے مثالی معاشرے کا تصور کیا جہاں کسی کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ مسٹر مان نے کہا کہ ان کی حکومت گرو رویداس کی تعلیمات اور فلسفے پر مبنی سماج کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرو رویداس کی زندگی اور تعلیمات مساوات پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لیے انسانیت کی رہنمائی کرتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرو رویداس ایک عظیم روحانی پیامبرتھے اور معاشرے کے غریب اور محروم طبقوں کے مسیحا نے ہمیں ایک نیک اور عظیم زندگی گزارنے کا درس دیا۔ مسٹر مان نے کہا کہ یہ ‘پرکاش اتسو’ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے کام کے لیے خود کو دوبارہ وقف کرنے کا موقع ہے جہاں ہر انسان بغیر کسی امتیاز کے عزت نفس اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرسکے۔مسٹرمان نے لوگوں کی سماجی اور معاشی بہبود میں ڈیرہ بلاں کی طرف سے ادا کیے جانے والے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گرو رویداس کی تعلیمات اور فلسفے سے جوڑنے کے علاوہ، ڈیرہ نے معاشرے کے ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو معیاری تعلیم اور صحت کی خدمات فراہم کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ مسٹر مان نے لوگوں کی بہتری کے لیے ڈیرہ کی طرف سے کی جا رہی خیراتی خدمات کی بھی تعریف کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے ہدایات جاری کی تھیں کہ تمام سرکاری دفاتر میں شہید بھگت سنگھ اور بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم ملک کو غیر ملکی تسلط سے آزاد کرانے والے عظیم آزادی پسند شہید بھگت سنگھ اور باباصاحب امبیڈکر، جنہوں نے سب کے لیے مساوی حقوق حاصل کرنے کے لیے آئین تیار کیا، کے اعزاز میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ بھگونت مان نے کہا کہ ان کی حکومت ان دو عظیم قومی رہنماؤں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نظریہ کے مطابق ریاستی حکومت سماج کے کمزور طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کر کے انہیں بااختیار بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘اسکول آف ایمننس’ غریب لیکن روشن طلباء کو خوشحال مستقبل کے لیے تیار کرکے بابا صاحب کے خوابوں کو پورا کرے گا۔انہوں نے تیرتھ یاتریوں سے ریاست اور مقدس شہر بنارس کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کرنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ شری گرو رویداس جی کے آشیرواد سے ریاستی حکومت جلد ہی ایک نیا، متحرک اور ترقی پسند پنجاب تشکیل دے گی۔اس موقع پر ایم ایل اے بلکار سنگھ، رمن اروڑہ، شیتل انگورل اور اندرجیت کور مان، ڈپٹی کمشنر جسپریت سنگھ، پولیس کمشنر کلدیپ چہل، چیف منسٹر کے ایڈیشنل پرنسپل سکریٹری ہمانشو جین اور دیگر بھی موجود تھے۔

Related Articles