ماتو ویشنو دیوی روپ وے پروجیکٹ: لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کی خاطر کمیٹی تشکیل دی گئی : منوج سنہا
سری نگر، مارچ۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ ماتا ویشنو دیوی مندر پر مجوزہ روپ وے پروجیکٹ پر کٹرا کے لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کی خاطر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی اس پروجیکٹ کو شروع کرنے سے پہلے مقامی دکانداروں کی تجاویز لے گی۔بتادیں کہ مجوزہ پرروپ وے پروجیکٹ کے خلاف مقامی دکاندار سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے واضح کیا ہے کہ ماتا ویشنو دیوی مندر پر مجوزہ روپ وے پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل مقامی دکانداروں کی آراء کو بھی ملحوظ نظر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو پروجیکٹ شروع کرنے سے پہلے مقامی دکانداروں کی تجاویز لے گیانہوں نے مزید بتایا کہ مقامی باشندوں کے خدشات کو دور کرنے کی خاطر تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ان کے مطابق لوگوں کے جذبات و احساسات کا پورا پورا خیال رکھا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ 250 کروڑ روپیہ کی لاگت سے یہ روپ وے بنے گا ۔شرائن بورڈ عہدیدار کا کہنا ہے کہ روپ وے کی تعمیر سے جسمانی طور معذور افراد بھی ماتا ویشنو دیوی مندر پر حاضری دیں گے۔واضح رہے کہ ماتا ویشنو دیوی مندر تک روپ وے پروجیکٹ پر مقامی لوگوں نے کئی روز تک احتجاج بھی کیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ سے ان کی روزی روٹی پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔