لیجنڈری عرب گلوکار صباح فخری 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

دمشق،نومبر۔عرب دنیا کو روایتی گانوں سے محظوظ کرنے والے نامور و لیجنڈری گلوکار صباح فخری 88برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔شام کی حکومت کے مطابق 88سالہ صباح فخری کا انتقال منگل2نومبر کو ہوا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صباح فخری کے انتقال کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔صباح ابو قوس 1933 میں شام کے شہر حلب میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے نوعمری میں ہی اسٹیج پر پرفارم کرنا شروع کیا تھا اور کافی مقبولیت پائی۔جلد ہی ان کا شمار عرب دنیا کے لیجنڈری گلوکاری اور غیر معمولی انٹرٹینرز میں ہونے لگا اور ان کی شہرت میں بھی اضافہ ہوا۔صباح فخری ایک عالمی معیار کے تراب گلوکار تھے، یہ موسیقی کی ایک عربی شکل ہے۔اسٹیج پر وہ سامعین پر سحر طاری کردیتے اور تقریباً ایک ٹرانس میں موسیقی پر جھومتے، وہ اپنے گانوں کے بولوں کو اکثر کلاسیکی عربی میں اس طرح تبدیل کردیتے تھے کہ سننے والے آسانی سے ان کے ساتھ گا سکتے ہیں۔انہوں نے ایک بار 1968میں وینز ویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں منعقد ہونے والے ایک کنسرٹ میں، بغیر کسی وقفے کے 10گھنٹے تک پرفارم کیا تھا اور گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔اپنے پورے کیریئر کے دوران صباح فخری نے عرب گلوکاری اور موسیقی کی روایتی شکلوں کو محفوظ کیا اور مقبول بنایا، جس میں قدود حلبیہ بھی شامل ہے، جس کا تعلق ان کے آبائی شہر حلب سے ہے۔

 

Related Articles