لکھیم پور کھیری میں بس اور ڈی سی ایم کے ٹکراجانے سے 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

لکھیم پور کھیری، ستمبر۔ اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں پیلی بھیت بستی ہائی وے پر شاردا پل کے نزدیک بدھ کی صبح بس اور ڈی سی ایم کے آمنے سامنے سے ٹکرا جانے سے دس لوگوں کی موت اور ایک درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد اور علاج فراہم کرنے کے لئے کہا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ لکھیم پور کھیری ضلع میں پیلی بھیت بستی ہائی وے پر شاردا ندی کے پل کے نزدیک صبح تقریباً 8:30 بجے پیش آیا۔ اس میں کھیری تھانہ علاقہ کے نکہا کے نزدیک مخالف سمت سے آنے والی بس اور ڈی سی ایم ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر سے بس کے پرخچے اڑ گئے۔ پرائیویٹ بس آپریٹر رودرا ٹریولس کی بس دھورہرا سے لکھنؤ جا رہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس کو موقع پر بھیج کر فوری راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس میں سوار چھ مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ایک درجن سے زائد زخمیوں کو مقامی اسپتال بھیجا گیا جہاں چار دیگر مسافر دوران علاج دم توڑ گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت اب تک نہیں ہو سکی ہے۔ لکھنؤ سے موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی نے اس حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی روح کو سکون کی پرارتھنا کی۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ضلع انتظامیہ کے افسران کو زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جانے اور ان کے مناسب علاج کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش بھی کی۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹ اور اعلیٰ پولیس افسران کو موقع پر جاکر امدادی کاموں کو جنگی پیمانہ پر کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Related Articles