لکشمن آئرلینڈ کے دورے پر کوچ دراوڈ کی جگہ لے سکتے ہیں

ممبئی، مئی۔جون کے آخر میں ہونے والے ہندوستان کے دورہ آئرلینڈ پر ہیڈ کوچ راہل دراوڈ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ اس وقت وہ ہندوستانی ٹیسٹ اسکواڈ کے ساتھ تیاریوں کے لیے انگلینڈ میں رہیں گے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے سربراہ وی وی ایس لکشمن آئرلینڈ جانے والی ٹیم کے ساتھ ہیڈ کوچ کے طور پر شامل ہوں گے۔ ہندوستانی ٹیم کو 26 اور 28 جون کو آئرلینڈ میں دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ دوسری جانب یکم جولائی کو ہندوستان کوانگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے، جوکہ گزشتہ سال بائیوببل میں کورونا پھیلنے کے سبب منسوخ ہوگیاتھا۔ اس واحد ٹیسٹ کے بعد ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے دورے پر تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔ لکشمن کے کوچنگ کیریئر کے بارے میں بات کریں تو وہ آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بنگال ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ رہ چکے ہیں۔ اس سال انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے بھی چیف انچارج لکشمن ہی تھے۔ قابل ذکر ہے کہ تین دن کے وقفے میں ہونے والی دو مختلف سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم دو مختلف ٹیموں کا انتخاب کر سکتی ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ہندوستان کے ٹیسٹ اسپیشلسٹ کرکٹرز 15 جون کو انگلینڈ روانہ ہوسکتے ہیں، جہاں انہیں 24 سے 27 جون کے درمیان لیسٹر شائر کے خلاف چار روزہ وارم اپ میچ کھیلنا ہے۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم2007 کے بعد سے انگلینڈ میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے ارادے سے برمنگھم میں پانچویں ٹیسٹ میں اترے گی۔

 

Related Articles