لندن نائٹ ٹیوب ڈرائیوروں کی جمعہ کی ہڑتال کو مضبوط مدد ملی

لندن ،دسمبر۔ لندن کے نائٹ ٹیوب ڈرائیوروں کی جانب سے جمعہ کی شام ہونے والی ہڑتال کو مضبوط سپورٹ ملی ہے۔ ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ (آر ایم ٹی) یونین کے ارکان نے آٹھ گھنٹے کے لئے واک آئوٹ کیا، جس کے نتیجہ میں سروسز معطل ہو گئیں، اگلی ہڑتال ہفتہ کی شام کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ آر ایم ٹی کے جنرل سیکرٹری مائیک لنچ نے کہا کہ جمعہ کی شب ہونے والی ہڑتال کو ہمارے تمام ڈپوز سے دوبارہ بہت مضبوط حمایت حاصل ہوئی کیونکہ ہمارے ارکان کام کے ترقی پسند طریقوں اور کام کے مقام پر انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازع حل کرنے کے لئے ہم نے انتظامیہ کو بار بار پیشکشیں کیں جس میں اس ہفتہ مذاکرات کی آفر بھی شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک یہ سمجھ لے گی کہ اس ویک اینڈ پر سروسز پر بہت زیادہ منفی اثرات اس لئے پڑے ہیں کہ انتظامیہ ہماری تجاویز پر مثبت ردعمل ظاہر کرنے میں ناکام ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ انتظامیہ اور میئر کام کی تباہ کن اور ناقابل قبول شرائط کار پر ہمارے سٹاف کے غصہ کو سمجھیں۔ لندن انڈرگرائونڈ کے ڈائریکٹر کسٹمر آپریشنز نک ڈینٹ نے کہا کہ سینٹرل اور وکٹوریہ لائنز پر آر ایم ٹی کی جانب سے ہڑتال کے باعث اپنے کسٹمرز کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آخری چیز تھی، لندن کو اس وقت وبا کے بعد بحالی کی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تنازع پر ہم کئی ماہ سے آر ایم ٹی سے مذاکرات کر رہے تھے، ہم نے یہ ضمانت دی تھی کہ کسی کی ملازمت ختم نہیں کی جائے گی جبکہ اگر کوئی اب بھی پارٹ ٹائم کام کرنا چاہتا ہے تو وہ ایسا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کسٹمرز سے درخواست کی کہ وہ سفر سے قبل شیڈول چیک کر لیں اور جہاں تک ممکن ہو بسوں میں سفر کریں تاکہ اس وقت درپیش مشکلات سے بچا جا سکے۔

Related Articles