فیفا ورلڈ کپ فائنل میسی کا آخری ورلڈ کپ میچ ہوگا
لوسیل، دسمبر ۔ ارجنٹینا کے کپتان اور قد آور فٹبالر لیونیل میسی نے اعلان کیا ہے کہ 2022 فیفا ورلڈ کپ کا فائنل ان کا ورلڈ کپ کا آخری میچ ہوگا۔ یہاں لوسیل اسٹیڈیم میں منگل کے روز ہونے والے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے کروشیا کو شکست دے کر چھٹی بار فائنل میں جگہ بنائی جہاں اس کا مقابلہ مراکش یا فرانس سے ہوگا۔میسی نے میچ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ کارنامہ سرانجام دے کر بہت خوش ہوں۔ فائنل کھیل کر ورلڈ کپ میں ہمارا سفر ختم کرنا بہت خاص تجربہ ہوگا۔ اگلا (ورلڈ کپ) کئی سالوں بعد ہوگا اور مجھے نہیں لگتا کہ میں اس وقت کھیل سکوں گا۔ یہ میرا ورلڈ کپ سفر ختم کرنے کا بہترین موقع ہے۔”35 سالہ ارجنٹائنی کپتان اپنا پانچواں ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، جب کہ ڈیاگو میراڈونا اور جیویر مسکارانو صرف چار بار ٹاپ اسٹیج پر ارجنٹینا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ میسی ارجنٹینا کے لیے ٹاپ اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ انہوں نے 34ویں منٹ میں کروشیا کے خلاف گول کیا۔میسی نے کہا کہ یہ سب (ریکارڈ) اچھے ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم ٹیم کا مقصد حاصل کر سکیں جو کہ سب سے خوبصورت چیز ہے۔ ہم سخت محنت کے بعد فتح سے صرف ایک قدم دور ہیں، اور ہم اس بار ایسا کرنے کے لیے اپنی ساری صلاحیتیں لگائيں گے۔”۔ دو بار کی عالمی چیمپئن ارجنٹینا نے اپنا آخری فائنل 2014 میں کھیلا تھا۔ فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کی تصدیق بدھ کے روز فرانس اور مراکش کے درمیان سیمی فائنل کے بعد ہو جائے گی۔