فلائٹ ایم یو 5735: چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کا مسافر طیارہ گوانگشی کے پہاڑی علاقے میں گِر کر تباہ

بیجنگ،مارچ۔چین کی نجی فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ صوبہ گوانگشی میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔چین کے سول ایوی ایشن کے ادارے (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ اس بوئنگ 737-800 طیارے پر 123 مسافر اور عملے کے نو افراد سوار تھے۔تاحال اس حادثے کی وجہ اور اس میں ہونے والی جانی نقصان کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم حادثے کے بعد گوانگشی میں پہاڑوں پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی جانب سے تاحال سے حادثے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ایم یو 5735 نامی اس پرواز نے کونمینگ سے مقامی وقت ایک بج کر 11 منٹ پر اڑان بھری تھی اور اس نے تین بج کر پانچ منٹ پر گوانگزو پہنچنا تھا۔چینی سی اے اے کے مطابق امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور ریسکیو کے عملے کو متاثرہ علاقے میں بھیجا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں ویڈیوز میں حادثے کے مقام پر طیارے کا ملبہ اور دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا نے بھی بعض ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں۔فلائٹ ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹس کا کہنا ہے کہ اس طیارے نے قریب ایک گھنٹے تک پرواز جاری رکھی تھی۔ فلائٹ ریڈار 23 کی معلومات کے مطابق پرواز سے متعلق مقامی وقت دو بج کر 22 منٹ پر آخری ڈیٹا موصول ہوا اور اس وقت یہ طیارہ 3225 فٹ کی بلندی پر تھا۔اطلاعات کے تحت یہ طیارہ وازو شہر کی ٹینگ کاؤنٹی میں گِرا ہے۔ جنوبی صوبہ گوانگشی جنوب مشرق میں واقع بڑے شہر گوانگزو کے قریب واقع ہے۔ایئر سیفٹی کے حوالے سے چین کا ریکارڈ خاصا بہتر ہے اور چین میں آخری بڑا فضائی حادثہ اگست 2010 میں ہوا تھا جب ہاربن سے اڑنے والا ایک طیارہ یچون میں گر کر تباہ ہوا تھا اور اس حادثے میں 42 افراد مارے گئے تھے۔

 

Related Articles